|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2017

چکوال: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہورمیں بڑا فیصلہ کن الیکشن ہونے جارہا ہے جس سے پتہ چلے گا کہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے یا پاکستان کے ڈاکوؤں کے ساتھ جب کہ آصف زرداری کوکلین چٹ دینے پر قوم چیرمین نیب کو نہیں چھوڑے گی۔ 

چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا تھا کہ این اے 120 میں فیصلہ کن انتخاب ہونے جارہا ہے جس سے فیصلہ ہوگا کہ کہ قوم پاکستان کے ساتھ ہے جب کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقتور کا احتساب شروع ہوا اور یہی نیا پاکستان ہے، جے آئی ٹی نے بڑے ڈاکو کو پکڑا، ایسی جے آئی ٹی آپ کومغرب میں بھی نہیں ملے گی، سپریم کورٹ کوسلام پیش کرتے ہیں اور قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے گاڈ فادرنے اداروں کوتباہ کردیا، نیب کی وجہ سے کرپشن بڑھی ہے، انصاف کے ادارے بڑے ڈاکو نہیں پکڑیں گے تو وہ ملک غریب ہوجاتا ہے، آصف زرداری بھی نوازشریف کی طرح  بڑے ڈاکو ہیں، چیئرمین نیب نے کل آصف زرداری کوکلین چٹ دی ہے جس پر  قوم چیرمین نیب کو نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو میں پونے دو ارب کی کرپشن کی گئی، اس پر ہم شہبازشریف کے خلاف نیب میں جائیں گے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 8  دن جیل میں گزارے لیکن وہاں کوئی طاقتور ڈاکو نہیں ملا صرف جیل میں موٹرسائیکل ، گائے اور بھینس چوری کرنے والے ملے تاہم مجھے ڈاکو  قومی اسمبلی میں ملے۔

دوسری جانب چکوال میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 21  سال سے کہہ رہا ہوں کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، دولت کی کمی کی وجہ سے ہمیں بھیک مانگنی پڑتی ہے اور قرضے مانگنے پڑتے ہیں جب کہ یہ وہ ملک نہیں جسے مک مکا کرکے لوٹا جائے یہ نیا پاکستان ہے۔