|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2017

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب نے کہا ہے کہ پولیس دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کے قریب پہنچ چکی ہے جو بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہونگے اے ٹی ایف ، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام دستیا ب وسائل بروئے کا رلا تے ہوئے کوئٹہ میں وویمن پولیس اسٹیشن سمیت مزید 6 نئے تھانے جبکہ11 پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں ان تھانوں کی تعمیر پر646 ملین روپے خرچ کئے جا رہے ۔

ہیں پولیس کو دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے انسداد دہشتگردی کی تربیت اور جدید ساز وسامان سے لیس کیا جا رہاہے نئے تھانوں کے قیام سے انڈسٹریل سمیت رہائشی علاقوں کے لوگوں تحفظ کے ساتھ ساتھ امن وامان کی صورتحال بہتر بنا نے میں مدد ملے گی تھانوں میں نفری کی کمی کو پورا کر نے کے لئے کام جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مشرقی بائی پاس پر منظورشہید تھانے کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ، ڈائریکٹر جنرل انڈسٹری سائرہ عطاء ، ایس ایس پی کوئٹہ آپریشن نصیب اللہ اور ایس ایس انوسٹی گیشن ڈاکٹر محمد زاہد، ایس ایس پی ٹریفک نذیر کرد ، ایس ایس ایڈمن عرفان بشیر ، ایس پی صدر ڈویژن محمد طارق ، اے ایس پی سریاب ڈویژن نوید عالم ، ایس پی عبداللہ آفریدی سمیت دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔

آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب نے بتایا کہ کوئٹہ کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا نے اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لئے کوئٹہ میں وویمن پولیس اسٹیشن سمیت6نئے تھانوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس طرح آج منظور شہید تھانے کا افتتاح کیا گیا ہے کل وویمن پولیس اسٹیشن کا افتتاح کرینگے اور پھر دیگر تھانوں کا بھی افتتاح کر دیا جائیگا۔

اس کے علاوہ 11 چو کیاں قائم کئے جا رہے ہیں جن پر646 ملین روپے لاگت آرہی ہے انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تھانے کے لئے عمارت محکمہ انڈسٹری کی جانب سے بلا معاوضہ فراہم کی گئی ہے ہم نے تھانے کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کرلی ہے جس پر نئی عمارت کی تعمیر کے بعد تھانہ وہاں پرمنتقل کر دیا جائیگا ۔

انہوں نے ڈی جی انڈسٹری کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے تھانے کے لئے عمارت دی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس امن وامان کی بہتری اور جرائم پیشہ عناصر سمیت دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے پولیس کو تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں نئے تھانے کی تعمیر انڈسٹریل زون میں کام کرنیوالے لو گوں اور علاقہ مکینوں میں پائے جانیوالے عدم تحفظ کے خوف کو ختم کرنے میں مدد ملے گی پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرزپر بلوچستان پولیس کی اپ گریڈیشن کے لئے کام کر رہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی وطن واپسی کے بعد یہ سمری منظور ہو جائے گی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے اے ٹی ایف، ایلیٹ فورس کے بیجز تربیت مکمل کر رہے ہیں اس وقت اے ٹی ایف میں 1 ہزار کی نفری موجود ہے اس کو اگلے سال2000 اور اس کے اگلے سال3000 تک پہنچائیں گے اس کے علاوہ1 ہزار بی سی کے اہلکار بھی اپنی ذمہ داری بنائیں رہے ہیں سی ٹی ڈی کی اوور ہالنگ کی جا رہی ہے تاکہ اس کو جدید خطور پر استوار کر کے ماڈرن سی ٹی ڈی بنا سکے اس پر کام جاری ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پولیس ٹریننگ کالج سانحہ کے بعد نئے ریکروٹس کی تربیت کا مرحلہ رک گیا تھا تھانوں میں نفری کو پورا کر نے کے لئے چھوٹے بیجز میں انہیں تربیت دے رہے ہیں اور گزشتہ دنوں200 جوانوں نے تربیت حاصل کی ہے جس سے ضلع کوئٹہ میں نفری کی کمی کو پورا کر لیا جائیگا اور تربیت کے لئے مزید اقدامات کئے جار ہے ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں تقریبا10 ہزار سے زائد کی نفری موجود ہو گی جو امن کی بحالی ، جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر ے گی ہم پولیس کو جدید تربیت کے علاوہ انسداد دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد کے علاوہ پاک فوج سے بھی تربیت دلوا رہے ہیں کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ ترقی یافتہ شہروں، علاقوں میں منصوبہ تا حال مکمل نہیں ہو سکا پہلے مرحلے میں لاہور اور اسلام آباد میں یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے ہم نے بھی مختلف فرموں سے رابطہ کیا ہے ۔

مقامی فرموں کے پاس اتنی گنجائش اور استعداد کار موجود نہیں اور سیکورٹی نقطہ نظر سے ہم کسی بھی ایسی فرم پر اعتماد نہیں کر سکتے کیونکہ ہمارے پاس انفراسٹرکچر بہت پرانا ہے اس کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہے ہیں حکومت کی جانب سے تمام وسائل اور سہولیت فراہم کی جا رہی ہے جن کی روشنی میں صوبے میں امن کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کام کئے جا رہے ہیں ۔

دہشتگردی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ دہشتگردی میں ملوث دہشتگردوں کی نشاند ہی ہو چکی ہے گزشتہ کچھ عرصے میں کوئٹہ پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے ہیں اور متعدد ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا نے کے ساتھ ساتھ انہیں گرفتار کیا ہے اور باقی بھی بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہونگے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ فورسز پر حملوں کے حوالے سے دہشتگردی کی وارداتوں کو روکنے کے لئے کام کر رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائے تاکہ صوبے کے امن کو بحال کیا جا سکے اس موقع پر انہوں نے تھانہ منظور شہید کا افتتاح کیا اور تھانے میں پودا بھی لگایا۔