کوئٹہ : ہرنائی میں سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کے دوران دس دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ کئی ٹھکانے تباہ کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا سکیورٹی حکام کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں دو روز قبل بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس میں ایف سی سمیت سکیورٹی فورسز کے سینکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا جنہیں ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی حاصل تھی۔
آپریشن دو روز تک جاری رہا اور جمعرات کی شام کو آپریشن مکمل کرلیاگیا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دس دہشت گرد مارے گئے جبکہ انکے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔
ٹھکانوں سے دس رائفلیں، دو کلاشنکوف بمعہ سینکڑوں راؤنڈز، دو دستی بم، ایک مارٹر گولہ، دو دوربین، دو موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ یاد رہے کہ تیرہ اگست کو شاہرگ میں بم دھماکے میں ایف سی کے چھ اہلکار شہید ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے کالعدم تنظیم کے خلاف مؤثر کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔
سیکورٹی فورسز کی ہرنائی میں کارروائی دس افراد ہلاک ،متعدد ٹھکانے تباہ اسلحہ بر آمد
وقتِ اشاعت : September 1 – 2017