|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2017

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک خود دار قوم ہے، اسے قربانی کا بکرا نہیں بننے دیں گے اور اس سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔

پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ختم نہیں ہوئے لیکن دونوں ملکوں کے روابط کو ملکی مفادات کی نظر سے دیکھا جائے گا جبکہ اب امریکا پر پاکستان کا انحصار کم ہوگیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، امریکا سمیت کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات کو باہمی احترام پر مبنی دیکھنا چاہتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خطے میں بدلتے حالات کے تحت ہی پاکستان کو نئی سِمت کا تعین کرنا ہوگا، ‘پاکستان باہمی احترام کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرنے والے ممالک کے ساتھ آگے بڑھے گا’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں بہت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور ہمیں بھی پاکستان کے لیے دنیا کے رویے کو تبدیل کرنا ہوگا۔

عالمی دہشت گردی کا تذکرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صرف پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے اس کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل نہیں کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہم نے کھویا ہی ہے پایا کچھ نہیں، اب ہمیں بھی نئی اور درست سمت کا تعین کرنا ہوگا۔‘