|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کے قریب ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔جاں بحق و زخمی افراد افغان باشندے اور تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ اتوار کو مغر ب کے وقت کوئٹہ سے تقریباً چالیس کلو میٹر دور کچلاک کے علاقے جلوگیر کے مقام پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک سروس اسٹیشن پر بیٹھے افراد کو نشانہ بنایا۔ اندھا دھند فائرنگ سے تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ 

زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں علاج کے دوران چودہ سالہ زخمی بھی دم توڑ گیا۔انہیں سر پر ایک گولی لگی تھی۔ اس طرح جاں بحق افراد کی تعداد چارہوگئی۔

ڈاکٹر کے مطابق زخمیوں میں 30سالہ اسماعیل ولد محمد ظاہر کو دو گولیاں سینے اور ایک گولی دائیں ہاتھ پر جبکہ 40 سالہ عبدالوکیل ولد عبدالحمید کو پیٹ، گردن، چھاتی پر تین گولیاں لگی ہیں۔

زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ منتقل کردیاگیا۔ لاشیں بھی سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سی ایم ایچ پہنچادی گئیں ۔مرنے والوں میں تین کی شناخت انیس سالہ عرفان علی ولد محمد حسین ، ان کے بھائی بیس سالہ محمد مہدی ، پینتیس سالہ یزدان علی ولد قمبر علی کے نام سے ہوئی ہے ۔

پولیس کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق افغانستا ن کی ہزارہ برادری سے ہے ۔ ان کے ہمراہ دو خواتین بھی تھیں۔ متاثرہ افراد افغانستان سے کوئٹہ آتے ہوئے راستے میں سروس اسٹیشن پر گاڑی کھڑی کرکے پانی پی رہے تھے یا حاجت پوری کررہے تھے۔ جبکہ ڈرائیور اپنی سرخ رنگ کی فلڈر کار کی سروس کرارہا تھا۔ 

سروس اسٹیشن پر موجود عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ فائرنگ کے وقت چار سے زائد گاڑیاں کھڑی تھیں جبکہ بارات لے جانیوالے افراد بھی قریب واقع مسجد میں نماز پڑھنے کیلئے وہاں موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد خوف و ہراس کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ،لیویز اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی تاہم جائے وقوعہ ضلع پشین اور کوئٹہ کے سرحدی پٹی پر واقع ہونے کے باعث لیویز اور پولیس کے درمیان حدود کے تعین میں دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی ۔حدود کے تعین کیلئے پٹواری کو نقشے سمیت طلب کرلیا گیا جس کے بعد اس بات کا تعین ہوا کہ واقعہ کچلاک پولیس کی حدود میں ہوا ہے۔ 

کچلاک پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کے اس واقعہ میں تین سے چار حملہ آور گاڑی میں آئے اور واردات کے بعد نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔

موقع سے نائن ایم ایم پستول کے 23خول ملے ہیں۔ پولیس نے کار ڈرائیور اور سروس اسٹیشن پر کام کرنیوالے دو بھائیوں ادریس اور فیاض کو تحویل میں لے کر ان سے تفتیش شروع کردی ۔