|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2017

کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر عمر خان بابر نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہدای منصوبے کے لئے بہترین منصوبہ بندی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے کیونکہ یہ منصوبہ بلوچستان کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ 

یہ بات انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات اربن پلاننگ سیل، پنجاب اربن یونٹ، گورننس پالیسی پروجیکٹ کے تحت اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف اکنامسٹ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات غوث بخش مری، ڈائریکٹر جنرل ایم اینڈ ای منظور احمد سرپرہ، ایڈیشنل سیکریٹری ٹو چیف منسٹر سیکریٹریٹ لعل جان جعفر، پنجاب اربن یونٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر ناصر جاوید، چیف آف سیکشن مجیب الرحمن خان، عارف حسین شاہ، عمران خان بلوچ ومتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں محکمہ منصوبہ بندی وترقیات حکومت بلوچستان، اربن یونٹ پنجاب، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ ومینجمنٹ سائنسز وگورننس پالیسی پروجیکٹ کے زیراہتمام اگلے مہینے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ا سٹریجی وپالسی بنانے کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کروائے گی جس میں بین الاقوامی مندوبین، ملکی سطح کے ماہرین ودیگر ڈونرایجنسیز کے مندوبین شرکت کریں گے ۔

اس بین الاقوامی سیمینار کو منعقد کروانے کا مقصد صوبے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی واسٹریجی ڈرافٹ وپالیسی بنانا جس سے مستقبل میں بلوچستان کو کن اقدامات اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے جس سے چین پاکستان اقتصادی راہدای منصوبہ کے تحت زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا شامل ہے۔ 

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار کے انعقاد سے حکومت بلوچستان کو ایک جامع پالیسی بنانے میں مدد مل سکے گی۔ انہوں نے پنجاب اربن یونٹ کے اقدامات کو اس حوالے سے سراہا اور انہیں ہدایات دیں کہ وہ اس حوالے سے مربوط لائحہ عمل کے تحت اسٹاک ہولڈرز کی رہنمائی کریں۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدای منصوبے سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی لیکن اس کے لئے اسٹریجی پالیسی جس میں صنعت کاری، ٹرانسپورٹ واربن ائزیشن ودیگر اصلاحات کے لئے پالیسی سے ہم دور رس نتائج حاصل کرسکیں گے۔ 

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت بلوچستان کو کوئٹہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے اور پلاننگ سینٹر آف ایکسی لینس کے بنانے کے لئے بھی پنجاب اربن یونٹ معاونت فراہم کرے گی جو کہ انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے اور اس کے بنانے سے پالیسی سازی وکوئٹہ میں فضلات کو ٹھکانے لگانے میں مدد حاصل ہوسکے گی۔ 

آخر میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے تمام متعلقہ حکام کو اگلے مہینے بین الاقوامی سیمینار برائے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے تیاریوں میں تیزی لانے کی ہدایات اور متعلقہ حکام کو ذمہ داریاں سونپی۔