|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2017

کوئٹہ : نیب بلوچستان نے گوادر میں سرکاری اراضی پر قبضے کے سیکنڈل میں سینئرممبر بورڈ آف ریونیوبلوچستان اقبال کھوسہ کو طلب کرلیا زمینوں کے ریکارڈ اور موجودہ صورتحال کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی ۔

باوثوق ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ گوادر میں سرکاری اراضی پرقبضہ کرنے کے سیکنڈل میں پیشرفت ہوئی ہے جس میں نیب بلوچستان نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوبلوچستان اقبال کھوسہ کو طلب کرکے ان سے گوادر میں سرکاری اراضی سے متعلق سوال وجواب کئے ۔

اراضی کی موجودہ صورتحال کے حوالے معلومات لیں گوادر میں70ارب روپے مالیات کی 3167ایکڑ اراضی پر بااثر لینڈ مافیا قبضہ کرنا چاہتی تھی جس پر نیب بلوچستان نے کارروائی کا آغاز کیا اور محکمہ مال سے رابطہ کرکے گوادر میں اراضی سے متعلق تمام ریکارڈ حاصل کرنے کے بعد تفتیش میں پیشرفت کی گئی ۔

ذرائع نے بتایا کہ اراضی سیکنڈل کا دائرہ کا ر وسیع کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں اہم بیور کریٹس اور متعلقہ لوگوں کو طلب کرکے ان سے تفتیش کی جائے گی ۔ذرائع نے بتایا کہ نیب بلوچستان کی جانب سے گوادر میں سرکاری اراضی پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے .