چنیوٹ: نواحی علاقے چک 128 بھٹی والا اور کوٹ خدا یار میں 7 بچوں سمیت 41 افراد میں ایڈز کے موذی مرض کا انکشاف ہوا ہے۔
چنیوٹ کے نواحی علاقے چک 128 بھٹی والا اور کوٹ خدایار میں 41 افراد میں ایڈز کے مرض کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب محکمہ صحت کے 2 افسران کے درمیان خط کا تبادلہ ہوا اور خط میں کہا گیا کہ رواں برس 20 اور 21 جولائی کو محکمہ صحت کی ٹیم نے چک 128 بھٹی والا کا دورہ کیا اور متعدد افراد کے ایڈز ٹیسٹ کے لئے خون کے نمونے لئے گئے اور وہ نمونے 22 جولائی کو لاہور لیبارٹری میں بجھوائے گئے جہاں 7 بچوں سمیت 41 افراد میں ایڈز کے مرض کی تصدیق ہوئی۔
خط کے متن میں تحریر ہے کہ افسوس ناک انکشاف کے بعد محکمہ صحت کی ٹیموں نے بھٹی والا اور کوٹ خدا یار کا دورہ کیا اور حجاموں کے اوزار چیک کئے گئے جب کہ حجاموں کو انہیں ایڈز سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی مہم بھی چلائی گئی اس کے علاوہ علاقے میں موجود تمام عطائیوں کے کلینک بھی بند کرادیئے گئے۔
خط کے منظر عام پر آنے کے بعد پنجاب حکومت نے ایڈز میں مبتلا افراد کو سروسز اسپتال لاہور منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور اب تک 7 بچوں سمیت کئی افراد کے علاج کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔