|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2017

کوئٹہ:  بلوچستان کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد کے قریب خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور بائیس افراد زخمی ہوگئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق پیر کی شام کو بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی گیٹ سے چند قدم کے فاصلے پرکسٹم آفس کے سامنے ٹیکسی اڈے میں اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے ایف سی کی گاڑیاں گزر رہی تھیں۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر تباہی پھیل گئی ، ایف سی کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم گاڑی میں سوار اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ بائیس افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال چمن پہنچایا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشنا ک بتائی جاتی ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ روانہ کردیاگیا۔ اطلاع ملنے پر کوئٹہ سے ایدھی کے رضا کار پانچ ایمبولنسز لیکر روانہ ہوگئے۔

جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم وہ شکل و صورت سے چمن کا مقامی معلوم ہوتا ہے جبکہ زخمیوں میں لعل محمد ، محمد اسلم، لالئی ، سیف الرحمان، امیر جان، بصیر احمد، عبدالقاہر ، عبدالمالک ، عبدالصمد، جان محمداورتازہ گل کے نام معلوم ہوسکے ۔

زخمیوں میں ایک کا تعلق افغانستان، ایک کا پشین جبکہ باقی کا چمن سے بتایا جاتا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کرلئے۔

مقامی انتظامی کے مطابق دھماکا خودکش تھا ۔ خودکش حملہ آورکے پاؤں سمیت دیگر جسمانی اعضاء تحویل میں لے لئے گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکا۔ دھماکے کے وقت سرحد پر لوگوں کی آمدروفت جاری تھی اور انتہائی رش تھا۔