سکھر: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ حکومت کا ایک حصہ ہوتا ہے جب کہ سندھ حکومت کا میرے خلاف ہونے کا تاثر بھی غلط ہے۔
سکھر کے اے سیکشن تھانے میں کمپلینٹ سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سال سے محرم الحرام میں سندھ کے چند اضلاع نشانے پر رہے ہیں،اس حوالے سے محرم الحرام میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کریں گے۔ سندھ میں امن و امان ہماری اولین ترجیح ہے، دہشت گرد کہیں بھی ہوں مذموم کارروائی کر سکتے ہیں، ہم پوری ایمانداری سے 100 فیصد کام کریں گے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، سپاہی اور ہیڈ کانسٹیبل کی ترقی ضلعی سطح جب کہ انسپکٹرز کی ترقی صوبائی سطح پر ہوتی ہے۔ آئی جی سندھ حکومت کا ایک حصہ ہے، سندھ حکومت سے کوئی اختلافات نہیں جب کہ سندھ حکومت کا میرے خلاف ہونے کا تاثر غلط ہے، ہمیں سندھ حکومت کے ماتحت کام کرنا ہے۔