|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2017

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہماری چند وکٹیں گرا کر جو خوش ہیں انہیں خوش رہنے دیں ہم ان کی خوشیاں خاک میں نہیں ملائیں گے۔

 

بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں قومی سلامتی اور پاکستان کےعوام کی سلامتی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے بوہری جماعت کے روحانی پیشوا کی کراچی آمد اس بات کا عندیہ ہے کہ یہاں جو بھی باتیں ہوں گی ان سے اتحاد بین المسلمین کا پرچار ہوگا اور آج یہاں جو خطاب ہوا اس کےاثرات پورے ملک پرمرتب ہوں گے اور جو لوگ ہم میں دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔ 

 
  

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان میں نوجوان شامل  ہو رہے ہیں اور جو لوگ ہمارے قافلے میں ہم سفر بن رہے ہیں وہ اتنے ہیں کہ گنتی ممکن نہیں،  ہماری وکٹیں گرا کر جو خوش ہیں انہیں خوش رہنے دیں ہم ان کی خوشیاں خاک میں نہیں ملائیں گے ہم مطمئن ہیں اورہماری صفوں میں مکمل یکجہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف حیلوں اور بہانوں سے وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ہم نے آج تمام سینیٹرز کا اجلاس طلب کیا ہے اور اس میں انتخابی اصلاحات بل 2017 کی حمایت کرنے والے سینیٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا اور متعلقہ سینیٹرز کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیوں کہ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینا غلط اقدام ہے جس کی کوئی معافی نہیں۔