|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ،نوشکی اور ہرنائی میں ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں جبکہ 30افراد سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر اختر آباد پر اتوار کی علی الصبح تقریباً پانچ بجے المناک حادثہ پیش آیا۔

کراچی سے چمن جانیو الی المسلم مسافر بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر خانہ بدوشوں کے دو ٹریکٹر ٹرالیوں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں ٹریکٹراور ٹرالیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹریکٹرٹرالی میں سوار ایک بچے اور دو خواتین سمیت پانچ خانہ بدوش افراد جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ 

خانہ بدوش کوئٹہ سے سکھر کی طرف جارہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ایف سی ، پولیس اہلکار ، چھیپا اور ایدھی کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو پہلے بی ایم سی اور پھر سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ لاشیں بھی سول ہسپتال کے مردہ خانے پہنچائی گئیں جہاں ان کی شناخت 65سالہ سردار خان ولد اکبر خان سلیمان خیل سکنہ کوئٹہ، 33سالہ رزئی دختر گلاب خان ،30سالہ میوہ خان ولد سردار خان،65سالہ جانانہ بی بی دختر شراف خان اور ایک نامعلوم بچہ شامل ہیں۔ 

زخمیوں میں مسافر بس کے دو مسافر حبیبہ زوجہ محمد نبی سکنہ کراچی ، ایاز احمد ولد نظیر احمد باجوئی سکنہ خضدار بھی شامل ہیں۔ دیگر زخمیوں کی شناخت رحمت اللہ ولد محمد ، شاہ پری زوجہ نوروز ،فیروز ولد نوروز ،گل خندہ ولد شاہ بران، گل ادی دختر گل ، ایک سالہ کامران ولد گل، حضرت خان ولد نوروز، دو سالہ سفر خان ولد زرین،دولت خان ولد فتح محمد، مکئی ولد سردار خان، حسن خان ولد آزاد خان اور سکندر خان دولت خان شامل ہیں ۔زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیاگیا۔ ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے بس تحویل میں لے لی۔

دریں اثناء نوشکی کے قریب قومی شاہراہ پر اسٹیشن کے مقام پر دو موٹرسائیکلوں میں تصادم سے کرم خان ولد عطاء اللہ ساکن بٹولانڈھی موقع پر جاں بحق جبکہ ملا خدائے رحیم اور شبیر احمد شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔نوشکی ہی کے علاقے مل میں دالبندین سے نوشکی جانے والی کار تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی ۔

حادثے میں آٹھ افراد اظہر احمد،اللہ داد، جابر شاہ، علی جان، ظہیر عباس، عمیر احمد ، غلام مرتضیٰ اور محمد نعیم زخمی ہوگئے۔ ادھرہرنائی میں ہرنائی پنجاب شاہراہ پر تورخان پل کے قریب پک اپ گاڑی گہری کھائی میں گر گئی جس سے تین خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ 

زخمیوں میں محمد علی ترین، جنید، زردانہ ، زربی بی،آسیہ بی بی شامل ہیں ۔ زخمیوں کو ضلعی کوارٹر ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ روانہ کردیاگیا۔مسافر پک اپ دکی سے شاہرگ جارہی تھی۔