کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے کلینک میں گھس کر ڈاکٹر کو بیٹی کے سامنے قتل کردیا۔ پولیس نے دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود میں مشرقی بائی پاس پر بنگلزئی اسٹاپ پر پیش آیا جہاں دو مسلح موٹر سائیکل سوار حلیم کلینک میں داخل ہوئے اور ڈاکٹر عبدالحلیم ولد چٹو خان جتوئی سکنہ لیبر کالونی کوئٹہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ فائرنگ کی آوا ز سن کرقریب کے دکاندار پہنچے تو ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈاکٹر کی لاش سول ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر کے ہمراہ ان کی دس سالہ بچی بھی کلینک پر موجود تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ٹی ٹی پستول کے دو خول ،دیگر شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرکے تفتیش شروع کردی ۔پولیس کا کہنا ہے ہ قتل کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے دس عینی شاہدین اور مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔