|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2017

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے مطلوب دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ ریپبلکن آرمی (بی آر اے) اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی (یو بی اے) سے ہے، جبکہ کارروائیوں کے دوران 24 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں میں بی آر اے کے تھانگو اور کلیری بھی شامل ہیں، جو شہریوں کے اغوا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہیں

کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دو دیگر مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت محمد خان اور جلال دین کے ناموں سے ہوئی، جن کا تعلق ’یو بی اے‘ سے ہے۔

دونوں دہشت گرد ریلوے ٹریکس پر بم حملوں اور پاور لائنز کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز سے تباہ کرنے کے واقعات میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے مشتبہ دہشت گردوں میں ڈیرہ مراد جمالی کا رہائشی خودکش حملہ آور سمیع اللہ بھی شامل ہے، جس کا کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی سے تعلق ہے۔

کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے دہشت گردوں سے سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ بھی برآمد کر لی۔

برآمد کیے گئے اسلحے میں بڑی اور چھوٹی مشین گنیں، رائفلز، پستول، راکٹ، مارٹر گولے، دستی بم اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز شامل ہیں، جبکہ 16 کلو بارود اور 15 ہزار سے زائد گولیاں بھی دہشت گردوں سے برآمد کی گئیں۔