|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ ،ڈیرہ بگٹی اور سبی میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیموں کے سات ملزمان مارے گئے ۔ہلاک ملزمان سیکورٹی فورسز ،شہریوں پر حملوں اور قومی تنصیبات کو نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔ 

سیکورٹی ذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب کیچ کے علاقے تمپ میں رودبن جنگل میں ایف سی اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی ۔ اس دوران سیکورٹی اہلکاروں اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے تین ملزمان مارے گئے ۔

ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوف، پانچ میگزین اور چالیس کارتوس برآمد کئے گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت ولید عرف شاہ دوست ولد ولی محمد ، امیر ولد جلیل اور ارشاد ولد مجیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق تمپ رودبن سے بتایا جاتا ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ولید عرف شاہ دوست کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ رودبن کا کمانڈر اور سیکورٹی فوسز پر راکٹ حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھا جبکہ امیر بلوچ آسیا آباد اور نواحی علاقوں کا کمانڈر تھا ۔ سیکورٹی فورسز نے لاشیں لیویز کے حوالے کردیں۔ لیویز نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردیں۔

دریں اثناء پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی بلوچستان نے آپریشن رد الفساد کے تحت ڈیرہ بگٹی اور سبی میں سرچ آپریشنز کے دوران چار مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کردیاجن کا تعلق کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی سے تھا۔ 

بیان کے مطابق کالعدم بی آر اے کے دہشتگرد تھنگو اور کلیری کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے چبدر میں ایک آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔ دونوں ملزمان سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کے اغواء میں ملوث تھے۔ جبکہ کالعدم یو بی اے کے دو دہشتگرد محمد خان اور جلال الدین سبی کے علاقے کٹ منڈائی میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے۔ دونوں دہشتگرد ریلوے تنصیبات پر حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے۔

بیان کے مطابق ان آپریشنز کے دوران ایف سی نے لائٹ مشین گن ، کلاشنکوف، بندوقیں ، پستول ، متعدد دیسی ساختہ بم،سولہ کلو گرام بارودی مواد، دستی بم، راکٹ اور مارٹر گولے اور15ہزار سے ہزار مختلف ساخت کی گولیاں بھی برآمدکیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں آپریشنز انیس ستمبر جبکہ سبی میں آپریشن سترہ ستمبر کو کیاگیا۔