|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2017

یروشلم: مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نے فائرنگ کرکے تین اسرائیلی اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام علاقے ہرادر میں قائم غیر قانونی یہودی بستی میں داخل ہونے والے ایک شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں فلسطینی بھی جاں بحق ہوگیا۔

اسرائیل کی خفیہ ایجنسی شین بیٹ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ایک بارڈر پولیس اہلکار جب کہ 2 سول گارڈز ہلاک ہوئے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا ہے جس کی شناخت ’’نمر الجمال‘‘ کے نام سے ہوئی ہے۔ جو چار بچوں کا باپ اور یہودی آباد میں مزدوری کرنے کے اجازت نامے کا حامل تھا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نمر الجمال کا کسی بھی مزاحمت کار گروپ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

دوسری جانب صیہونی افواج سے برسرپیکار تنظیم حماس نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کہ تاہم اسے ’’ہمارے لوگوں کو محکوم بنانے کے جرم کا بدلہ‘‘ قرار دیا ہے۔

 

واضح رہے کہ 2015سے اب تک حملوں میں 48یہودی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اسی دورانیے میں اسرائیلی فوج نے 255فلسطینی کومختلف واقعات میں جاں بحق کردیا۔