|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2017

کوئٹہ :  احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے امراض قلب کے مریضوں کیلئے اسٹنٹس کی مد میں کروڑوں روپے خردبرد کیس میں گرفتار ایم ایس ڈی بلوچستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ،اسٹنٹس بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید14روزہ توسیع کے احکامات دے دئیے ۔

گزشتہ روز بلوچستان میں امراض قلب کے مریضوں کیلئے اسٹنٹس گھپلہ میں گرفتار ملزمان ایم ایس ڈی بلوچستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یوسف بزنجو ،اسٹنٹس فراہم کرنیوالی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرمحمدنوشیروان یار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر احمد علی اسلم کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تو نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے عدالت کو بتایاکہ نیب کی اب تک کی تحقیقات خفیہ ہے جس سے فی الحال پبلک نہیں کیا جاسکتا ۔

گرفتار ملزمان سے مزید حقائق جاننے اور دیگر ملوث عناصر تک پہنچنے کیلئے مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جاتی ہے جس پر عدالت نے گرفتار تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14روزہ توسیع کے احکامات جاری کر تے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا ۔

یاد رہے کہ ایم ایس ڈی بلوچستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یوسف بزنجو ،اسٹنٹس فراہم کرنیوالی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹرمحمدنوشیروان یار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر احمد علی اسلم کو نیب نے گرفتار کرکے دعویٰ کیاتھاکہ مذکورہ ملزمان نے 16 ہزارسے24ہزار مالیت کے اسٹنٹس 90ہزار سے 1لاکھ 17ہزارمیں خریدے جس سے قومی خزانے کو دس کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔