|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2017

سبی: چیف جسٹس آف بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس محمد نور مسکازئی نے کہا ہے کہ انصاف کے بغیر معاشرہ تباہی کا شکار ہوجاتا ہے انصاف سے ہی معاشرے میں پائی جانے والی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہے عدالتی فیصلے قانون کے مطابق صاف شفاف طور پر کئے جائیں تاکہ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔

سبی سمیت بلوچستان بھر میں عدالتوں میں جاری ترقیاتی کام معیار کے مطابق کئے جائیں ناقص مٹریل کا استعمال ہمیں قبول نہیں ہوگا سبی میں جوڈیشنل کمپلیکس کے قیام سے وکلاء کو بھی مدد ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سبی ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے صدر میر سلیم عمر رند ایڈوکیٹ کی قیادت میں ملنے والے وکلاء کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

جسٹس جناب محمد نور مسکازئی نے کہا کہ بار اور بیچ انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جو معاشرتی برائیوں کے خاتمہ میں اہم رول پلے کرتے ہیں وکلاء برادری حق اور سچ کا ساتھ دیں اور مقدمات میں سچ اور جھوٹے کے فرق کو محسوس کریں تاکہ عدالتوں کے معز ز جج صاحبان حق اور سچ پر فیصلہ دیکر سائل کے ساتھ انصاف کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اس انداز سے ہونے چاہیے جو معاشرے میں نظر آئے کیونکہ انصاف سے ہی معاشرے میں پائی جانے والی بے چینی اور برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے جس معاشرے میں فوری انصاف کی فراہمی نہ ہو یا انصاف کے تقاضے پور ے نہ کئے جائیں وہ معاشرے تباہی کا شکار ہوجاتا ہے عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ ہم فرائض کی ادائیگی کسی رعایت یا نرمی کو بالائے طاق رکھ کرانجام دیں ۔

اس موقع پر وکلاء نے درپیش مسائل ومشکلات کے بارے میں بھی تفصیلی آگہی فراہم کی قبل ازیں چیف جسٹس آف بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس محمد نور مسکازئی نے ڈسڑ کٹ اینڈ سیشن کورٹ سبی میں تعمیر شدہ جوڈیشل کمپلیکس کے معائنہ کیا ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ روزی خان بڑیچ ، انسپیکشن جج بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس منور احمد شاہوائی ، ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج جناب محمد رفیق لانگو، سول جج سبی جناب رحمت اللہ عمرانی ، ایڈیشنل سیشن جج جناب ظہور احمد لانگو ، جوڈیشنل مجسٹریٹ جناب اسد اللہ کاکٹر،فیملی جج کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سبی کے صدر میر سلیم عمر رند، معروف ایڈووکیٹ احسنین ، ملک فیصل بشیر ، جلیل احمد لہڑی ، لیاقت علی ،علی انور مٹھل ،الہی بخش کے علاوہ دیگر وکلاء بھی موجود تھے ۔

چیف جسٹس آف بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نور محمد مسکازئی نے کہا کہ سبی میں زیر تعمیر عمارتوں کے معیار اور کام میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا سبی اہم شہر ہے جس میں مقدمات میں اضافہ ہورہا ہے کیس کی تعداد کومدنظر رکھتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کی جائے ۔

اس موقع پر انہوں نے تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے خصوصی ہدایات بھی دیں اس موقع پر ایکسین بی اینڈ آر حاجی بشیر احمد ناصر نے بات چیت کرتے ہوئے تعمیر ی کام کے بارے میں تفصیلی آگہی فراہم کی۔