کوئٹہ: دنیا بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا۔ کوئٹہ میں عاشورہ کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ راستوں کو سیل کرکے سات ہزار اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔
کوئٹہ،اوستہ محمد اور گنداواہ میں جلوس کے روٹس پر صبح سات بجے سے شام سات بجے تک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ تفصیل کے مطابق کوئٹہ میں عاشورہ کا مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے رحمت علی چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ مچھ سے پچپن گاڑیوں پر مشتمل جلوس بھی سخت سیکورٹی میں شام کو ہزارہ ٹاؤن پہنچ گیا ہے۔
جلوس کے شرکاء رات ہزارہ ٹاؤن میں گزارینگے اور صبح ہزارہ ٹاؤن کے جلوس کے شرکاء کے ہمراہ اسپنی روڈ کے راستے علمدار روڈ پہنچیں گے جہاں وہ مرکزی جلوس کا حصہ بنے گا۔ جلوس روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ ، مشن روڈ، میزان چوک پہنچے گا جہاں جلوس کے شرکاء نماز ظہرین ادا کرینگے۔
اس موقع پر علمائے کرام اور ذاکرین شہداء کربلا کی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ بعد میں جلوس لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ اور سعید احمد روڈ سے ہوتا ہوا رات کو واپس علمدار روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس اور مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر شیعہ تنظیموں کے رہنماء اور عہدیداران بھی جلوس میں شریک ہوں گے۔
جلوس میں شبیہ ذوالجناح ،علم اور ماتمی دستے شریک ہوں گے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق جلوس کی سیکورٹی کے لئے پولیس ، بلوچستان کانسٹیبلری اور اے ٹی ایف کے 5ہزار238 جبکہ ایف سی کے 2ہزار229 اہلکار جلوس کے روٹس پر تعینات ہوں گے۔
جلوس کے راستوں میں آنے والی تمام دکانوں اور مارکیٹوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے جبکہ ہر قسم کی آمدروفت روکنے کیلئے راستوں پر ٹرک لگادیئے گئے ہیں۔ شہر کے اطراف میں پہاڑوں پر لیویز کے دو سو اہلکار تعینات ہوں گے۔ پاک کے اہلکار بھی اسٹینڈ بائی رہیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق جلوس کے روٹ پر ساٹھ اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر ایک سو سے زائد کیمروں سے جلوس کی نگرانی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں آئی جی پولیس اور محکمہ داخلہ بلوچستان کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کردیئے گئے ہیں۔ جبکہ دو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق بلوچستان کے تین شہروں کوئٹہ، گنداواہ اور اوستہ محمد کے جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس صبح سات سے شام سات بجے تک بند رہے گی۔ کوئٹہ میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
علاوہ ازیں علمدار روڈم، مری آباد، ہزارہ ٹاؤن، پرنس روڈ، میکانگی روڈ سمیت شہر میں قائم 23 امام بارگاہوں کو انتہائی حساس اور چالیس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان امام بارگاہوں پر پولیس، ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکار سیکورٹی کے فرائض دینگے۔
یوم عاشورہ کوئٹہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کوئٹہ میں راستے سیل ،سات ہزار اہلکار تعینات ہونگے
وقتِ اشاعت : October 1 – 2017