کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں یہاں کی حکمرانوں کی نہیں بلکہ شہباز شریف کی حکومت ہے سیندک پروجیکٹ کا معاہدہ صوبائی خود مختاری پر حملہ ہے ۔
بلوچستان نیشنل پارٹی اس کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرے گی اور اس کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے موجودہ حکمرانوں کو اس لئے بلوچستان میں حکومت دی گئی ہے کہ وہ گوادر ، سیندک پروجیکٹ اور دیگر اہم قومی منصوبوں پر خاموش رہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر قبائلی عمائدین اور مختلف وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ گوادر تو بلوچستان میں واقعہ ہے لیکن ان پر قبضہ پنجاب کے حکمرانوں کا ہے اور بلوچستان میں بھی یہاں کے حکمرانوں کی حکومت نہیں بلکہ شہباز شریف کی حکومت ہے ۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ دنیا بھرمیں معاہدے کر تے ہیں اور بلوچستان کے معاہدے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کر تے ہیں اس لئے یہاں کے حکمرانوں کو اقتدار نہیں مراعات دے کر خاموش کیا گیا تاکہ وہ کبھی بھی بلوچستان کے قومی ایشوز پر بات نہ کریں ۔
وفاقی کا بینہ نے جس طرح سیندک پروجیکٹ کا معاہدہ چائینز کمپنی کیساتھ کیا گیا ہے یہ اٹھارویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری حملہ ہے اگر حکمرانوں کو اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق واختیارات نہیں دیتے تھے تو پھر اٹھارویں ترمیم کیوں پاس کی گئی ۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کو صوبے کے حقوق پر سزاد دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اور بلوچستان حکومت بھی شہباز شریف چلا رہے ہیں بلوچستان نیشنل پارٹی سیندک پروجیکٹ معاہدے کو یکسر مسترد کر تی ہیں اور بلوچستان حکومت کو بائی پاس کر کے وفاقی اور پنجاب کے حکمرانوں نے صوبائی خود مختاری پر حملہ کر دیا اور موجودہ حکمرانوں کو اب اخلاقی طور پر مستعفی ہو نا چا ہئے ۔
بلوچستان میں یہاں کی حکمرانوں کی نہیں بلکہ شہباز شریف کی حکومت ہے،ولی کاکڑ
وقتِ اشاعت : October 3 – 2017