تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ حالیہ مردم شماری میں نیشنل پارٹی نے قومی ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے بلوچ قوم کو آئندہ20سالوں تک اقلیت میں بدلنے سے محفوظ رکھا ‘ بڑے بڑے بیانات داغنے والے اس وقت کہاں تھے احسان شاہ کی نااہلی کو بلوچستان ہائی کورٹ کے لارجربنچ نے بھی برقرار رکھا ‘ احسان شاہ کی نااہلی ڈاکٹریاسین شہیدکی پٹیشن کی بنیادپر ہواہے ‘ ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے تربت میں نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما حاجی محمد اقبال دشتی کی یادمیں نیشنل پارٹی کیچ کے زیراہتمام منعقدہ تعزیتی اجتماع سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے حاجی محمد اقبال دشتی مرحوم کی پارٹی خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ 40سال سے مرحوم حاجی اقبال دشتی سے ہماری نزیکی وقربت رہی ہے ‘ ۔
کیچ میں بی این ایم ‘نیشنل پارٹی اوربی ایس اوکی فعالیت میں ان کا اہم کردار رہاہے وہ سخی ‘بہادر ‘کمیٹڈ اوربردبار انسان تھے وہ مضبوط کمٹمنٹ کے مالک تھے ‘ وہ ہرآزمائش میں سرخرو رہے ‘میرا تجربہ ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنا کوئی ذاتی کام یا مسئلہ میرے سامنے پیش نہ کیابلکہ ہروقت علاقہ اور عوام کے مسائل بیان کرتے تھے ۔
‘ انہوں نے کہاکہ ہم صرف اس دیوان میں مرحوم حاجی اقبال دشتی کے اوصاف وخوبیاں بیان نہ کریں بلکہ ان کے مضبوط کمٹمنٹ کو اپنے لئے آئیڈیا بنائیں ‘شہید مولابخش دشتی ‘شہید ڈاکٹریاسین بلوچ ‘شہید ایوب بلیدی ‘ شہید نسیم جنگیان ‘ شہید عبدالخالق ‘ شہید ڈاکٹرلعل بخش ودیگر شہداء کے فکر وفلسفہ کی روشنی میں اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں اور کسی سیاسی تاجر یامخصوص ٹولہ کے منفی پروپیگنڈے سے مرعوب نہ ہوں ۔
‘نیشنل پارٹی کا مقابلہ کوئی بھی نہیں کرسکتا اگر آپ ہمت سے کام لیں ‘ نیشنل پارٹی بلوچستان بھرمیں تیزی کے ساتھ فعال ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ شہید ڈاکٹریاسین بلوچ نے احسان شاہ کی 3مختلف جعلی اسناد سے متعلق ہائی کورٹ میں جو کیس دائرکیاتھا ۔
اس کی بنیادپر وہ نااہل قرار پائے بعدمیں سپریم کورٹ میں اپیل کی مگر سماعت کے آخری مرحلے میں اپنی درخواست واپس لی اورپھر ہائی کورٹ سے نظرثانی کی درخواست جمع کرائی اور ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے آج اپنے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے دفعہ 62،63کے تحت احسان شاہ کی نااہلی کے فیصلے کو بحال رکھا ہے ۔
‘ تعزیتی اجتماع سے نیشنل پارٹی وحدت بلوچستان کے صدر سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی کہدہ اکرم دشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اربوں روپے کرپشن کرنے والے اگر نیشنل پارٹی پر الزام تراشی نہ کریں توکیا کریں ‘ ظاہر ہے ان کی دوکانداری ختم ہورہی ہے تو وہ چیخیں چلائیں گے ۔
‘سیاسی مخالفین کی سیاست کامقصد کھلاؤ پلاؤ ہے انہیں ترقی اورترقیاتی کاموں سے کوئی دلچسپی نہیں ‘اس لئے نیشنل پارٹی کے ترقیاتی منصوبے ان سے ہضم نہیں ہوتے ۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میرجان محمدبلیدی نے کہاکہ حاجی محمد اقبال دشتی ایک مضبوط اورکمیٹڈ تحریک ساتھی تھے وہ پارٹی کے مثالی کارکن تھے نظریاتی وسیاسی ساتھی تھے بڑے بردبار تھے ‘حاجی محمد اقبال دشتی مرحوم کو یادکرنا نیشنل پارٹی کے ہرکارکن کی قومی ذمہ داری ہے ۔
‘مشکل دورکے ساتھی بنیادی ساتھی ہوتے ہیں مرحوم اقبال دشتی پارٹی کے ساتھ ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ وابستہ رہے کسی بھی آزمائش یامشکل میں ان کے قدم نہ ڈگمگائے اورنہ وہ کسی لالچ میں آئے ۔
‘ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی قیادت بلوچستان کی والی وارث ہے ‘ ڈاکٹرمالک اورمیر حاصل خان بلوچ قوم کے بلندپایہ کے لیڈر ہیں یہ اگرکسی بڑی سیاسی پارٹی میں ہوتے توتب ہر ایک کو ان کے قد کاٹھ اور سیاسی وزن کااندازہ ہوتا مگر چونکہ یہ ہمارے لیڈرہیں ۔
اس لئے ہم ان کی قدر ومنزلت اوراہمیت نہیں پہچانتے ‘ ہمیں اپنی قیادت ڈاکٹرمالک اورمیر حاصل بزنجو کی قدرکرنی چاہیے ‘ یہ اعلیٰ قیادت ہے اسلام آبادمیں نیشنل پارٹی کی لیڈرشپ کی بدولت بلوچ اوربلوچستان کا احترام ہے ۔
‘انہوں نے کہاکہ جب تک ڈاکٹرمالک وزیراعلیٰ تھے بلوچستان کے وسائل محفوظ تھے مگر ڈاکٹرمالک کے اقتدار سے باہر آنے کے ایک ہفتہ بعد پی پی ایل کامعاہدہ ہوا جو انتہائی ناقص معاہدہ ہے گزشتہ ماہ سیندک معاہدہ ہوا جو ناقص ہے ‘نیشنل پارٹی ان معاہدوں کوردکرتی ہے ‘ ۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر قاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ ساحل وسائل کا تحفظ ‘روزگار ‘تعلیم ‘ انفرااسٹرکچر نیشنل پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہیں پارٹی ایک وژن اور قومی سوچ کے ساتھ جدوجہد کررہی ہے یہ کریڈٹ نیشنل پارٹی کوجاتاہے کہ وہ اپنے ساتھی کوکبھی نہیں بھلا سکتی جس کا ثبوت آج کا اجتماع ہے ‘نیشنل پارٹی کسی ساتھی کوتنہا نہیں چھوڑتی ‘ انہیں اعتمادمیں لیتی ہے ہم ورکروں کوپارٹی کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتے ہیں ۔
مردم شماری میں کردار ادا کر کے بلوچ قوم کو اقلیت میں بدلنے سے محفوظ رکھا ،ڈاکٹر مالک بلوچ
![]()
وقتِ اشاعت : October 4 – 2017