کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں لیویز اور حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔
لیویز کے مطابق پنجگور سے ملحقہ کیچ کے علاقے بلیدہ کراس کے قریب گشت پر مامور ایف سی مکران سکاؤٹس کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار نور الٰہی اور عامر مقصود زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ نور الٰہی کو پاؤں پر جبکہ عامر مقصود کو ران پر گولی لگی ۔ ایف سی کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہو گئے۔ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ میں الیاسی نالہ کے قریب لیویز اور حساس ادارے نے انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا ۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 14 راکٹ گولے ، 22 عدد راکٹ لانچر کے فیوز ، 5 وائرلیس سیٹ، ایک عدد سنائپر رائفل کی دوربین ، طبی آلات اور ریاست مخالف مواد بر آمد کر لیا۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اسلحہ تخریبی کاری کے لئے استعمال کرنا چاہتے تھے تاہم بروقت کارروائی سے منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ۔
کیچ میں فائرنگ سے فورسز کے دو اہلکار زخمی, ڈیرہ بگٹی سے اسلحہ بر آمد کر لیاگیا
وقتِ اشاعت : October 4 – 2017