اسلام آباد: مسلم لیگ (ن)کے صوبائی صدروزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کیااورسینوں پر گولیاں کھائیں لیکن آمریت کے خلاف ہمیشہ سینہ سپر رہے ۔
پاکستانی قوم ملک میں جبر کا نظام نہیں چلنے دے گی دنیامیں ہمیشہ اُن قوموں نے ترقی کی جنہوں نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا،محمدنوازشریف نے ہمیشہ اصولوں پر سیاست کی اورآمروں کے خلاف ڈٹے رہے ،ہم اُن کے ساتھ ہیں محمدنوازشریف آج مسلم لیگ (ن)کے صدرمنتخب ہوئے ہیں اورکل دوبارہ ملک کے وزیراعظم منتخب ہونگے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے کنونشن سینٹرمیں منعقدہ مسلم لیگ (ن)کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے حضرت علی کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی ریاست میں کفر کانظام تو چل سکتاہے لیکن جبر کانظام نہیں چل سکتا،لہٰذاہم اپنے پاکستان میں بھی جبر کے نظام کو نہیں چلنے دیں گے۔
آئین میں ترمیم محمدنوازشریف کیلئے نہیں بلکہ 20کروڑعوام کیلئے لائی گئی ہے اوریہ پاکستان کے بقاء کی ترمیم ہے ،انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹی وی پروگراموں میں بیٹھ کے باتیں کرتے ہیں کہ ایک آدمی کیلئے پوراقانون تبدیل کیاگیا میں اُن نادان لوگوں کو بتاناچاہتاہوں کہ لیڈرہمیشہ ایک ہوتاہے جس کے پیچھے پوری قوم ہوتی ہے اوریہ لیڈر کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ قوم کو بنائے۔
محمدنوازشریف 20کروڑعوام کا لیڈر ہے جس نے ملک وقوم کوترقی کی راہ پرڈالا،انہوں نے کہاکہ وہ محمدنوازشریف کی اصول پرستی کی سیاست کی وجہ سے اُن کے شیدائی اورورکر ہیں۔
محمدنوازشریف اصولوں پر ڈٹے رہیں ہم ان کے ساتھ ہیں،انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اصول کی سیاست چاہتے ہیں اورآمریت سے نفرت کرتے ہیں،دنیامیں ایسے اسلامی ممالک بھی ہیں جہاں تیس تیس سال تک آمریت رہی ہے لیکن پاکستان میں اب آمروں اورآمریت کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ محمدنوازشریف کے پارٹی صدرمنتخب ہونے کے بعد آج وہ چین کی نیند سوئیں گے دریں اثناء کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں۔
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اورمسلم لیگ کی ترقیاتی پالیسیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں پارٹی ورکرزآئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیں اور صوبے میں پارٹی کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کیلئے اپنا کرداراداکریں ورکرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے اور تمام پارٹی امور کو انہیں اعتماد میں لے کر آگے بڑھایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے پارٹی کے صوبائی ورکروں اور عہدیداروں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ورکروں نے وزیراعلیٰ کو اپنے بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ورکروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور قیادت اور ورکرز کے درمیان رابطوں کو مزید موثر بنایا جائے گا اس حوالے سے انہوں نے پارٹی کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں کو ورکرز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب صدر محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی صدر کی حیثیت سے ان کے بلا مقابلہ انتخاب کو تاریخی اقدام قراردیاگیا اور اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ مسلم لیگ کے مرکزی اور صوبائی صدور کی رہنمائی میں مسلم لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا اور پارٹی ورکروں کو متحد اور متحرک کرنے کیلئے صوبائی اور ضلعی رہنما اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
پاکستانی قوم نے ہمیشہ ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کیا اور سینوں پر گولیاں کھائیں ،نواب ثناء زہری
![]()
وقتِ اشاعت : October 4 – 2017