|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے محب وطن قبائل اورسیاسی وعسکری قیادت صوبے اورملک کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان اوربلوچستان سب کا ہے باہربیٹھے لوگ سدھرجائیں اورواپس آکر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اگر وہ نہیں سدھریں گے تو ہم انہیں راہ راست پر لے آئیں گے۔صوبے میں سیاسی اورعسکری قیادت کے درمیان مثالی تعلقات ہیں جس میں لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کردارناقابل فراموش ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے تبدیل ہونے والے کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے اعزازمیں اپنی جانب سے دئیے گئے الوداعی ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزرأاوراراکین صوبائی اسمبلی،سینیٹرآغا شاہ زیب درانی،چیف سیکرٹری بلوچستان،آئی جی پولیس اورصوبائی سیکرٹریوں نے بھی ظہرانے میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ عزت واحترام اورپیاردینے اورلینے والے لوگ ہیں جولوگ انہیں عزت وپیاردیتے ہیں وہ انہیں کبھی نہیں بھولتے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے بلوچستان میں اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران نہ صرف سیاسی وعسکری قیادت کے درمیان تعلقات کومزید مستحکم بنایابلکہ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کی بھرپورمعاونت بھی کی اوریہاں کے لوگوں کو عزت واحترام دیا۔

انہوں نے کہاکہ تبادلے سروس کا حصہ ہیں لیکن عامرریاض نے جو تعلق بلوچستان کے ساتھ قائم کیاوہ ہمیشہ رہے گا۔وہ انتہائی مخلص،سچے اوربہادرانسان ہیں اوربہادرانسان کبھی منافقت نہیں کرتا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ گذشتہ دوسال کی مدت میں ہم نے مثالی ماحول میں صوبے میں امن واستحکام کیلئے مل کر کام کیاجس کے مثبت نتائج سامنے آئے اورآج امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے۔

وزیراعلیٰ نے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی بلوچستان کیلئے خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی جانب سے کمانڈرسدرن کمانڈ کو تاریخی رائفل،قالین، شیلڈ اور قلم کے تحائف پیش کئے گئے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے نیشنل پارٹی کے سینئررہنما میر جان محمدبلیدی کے قافلے پر دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی میں جان محمدبلیدی کے بیٹے اورلیویز اہلکاروں کے زخمی ہونے پر افسوس کااظہارکیاہے ۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ نہتے شہریوں کودہشت گردی کا نشانہ بناناہماری روایات کے خلاف ہے اورجوعناصر ان کاروائیوں میں ملوث ہیں وہ ہم میں سے نہیں اور سخت ترین سزا کے مستحق ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں ان عناصر سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا نہتے بلوچوں اوران کے بچوں پر حملے کرنے سے آزادی مل سکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جب ہم دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں تو اُن کے حواری چیخ اٹھتے ہیں اورمنفی پروپیگنڈہ شروع کردیاجاتاہے اورجب نہتے بلوچوں کو دہشت گردی کانشانہ بنایاجاتاہے تو کیایہ ان کے ساتھ زیادتی نہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم اپنے عوام پردہشت گرد عناصر کی جانب سے کئے گئے ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے اورآخری حد تک اُن کا پیچھاکرکے انہیں کیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے حملے میں زخمی ہونے والے میرجان محمدبلیدی کے بیٹے اورلیویز اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دُعاکی ہے جبکہ انہوں نے کمشنر مکران ڈویژن اورایف سی کو حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ۔