|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان حکومت نے صوبے کی تمام درگاہوں اورمزاروں کوصوبائی محکمہ اوقاف کے تحت لانیکافیصلہ کرلیا درگاہوں اورمزاروں کے سروے کے حوالے سے تما م ڈ پٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔

یہ بات سیکرٹری اوقات بلوچستان شاہنواز علی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تمام درگاہوں اورمزاروں کی سکیورٹی موثربنانے کے تناظرمیں ان کو صوبائی محکمہ اوقاف کے تحت لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری اوقاف شاہنوازعلی نے کہا کہ صوبے میں شاہ نورانی کے مزارکے علاوہ کوئی مزارمحکمہ اوقاف کے تحت نہیں ہے، صوبہ بھرمیں درگاہوں اور مزاروں کے حوالے سے سروے کیاجائیگا، درگاہوں اور مزاروں کے سرووے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔

سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ درگاہوں اورمزاروں کے حوالے سے قانون سازی بھی کی جائیگی،شاہنوازعلی نے بتایا کہ ضلعی سطح پر محکمہ اوقاف کے ڈسٹرکٹ مینیجرکی آسامیاں بھی پیداکی گئی ہیں جو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کی جائیں گی۔

سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ محکمہ اوقاف نے صوبے کے تمام گرجاگھروں،مندروں اورگردواروں کاسروے بھی شروع کردیاگیاہے اس حوالے سے محکمے نے قانون سازی بھی کرلی ہے ان کوبھی محکمہ اوقاف کے تحت لاکر تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔