|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2017

میڈرڈ: ہسپانوی وزیراعظم نےدھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خود مختار علاقے کاتا لونیا کانظم ونسق سنبھال سکتی ہے۔ 

ہسپانوی وزیراعظم نے کاتالونیا کی حکومت سے کہا  کہ وہ اس امر کی تصدیق کریں کہ آیا انہوں نے کاتالونیا کی آزادی کا اعلان کردیا ہے اگر ایسا اعلان کیا گیا تو اسپین کی مرکزی حکومت ملک کے کسی بھی علاقے کا نظم ونسق سنبھال سکتی ہے۔ وزیراعظم رخوئے نے اپنا بیان کاتالونیا کے صدرکے اس دعوے کے ردعمل میں دیا  جس میں ان کا کہنا تھا کہ  انہیں میڈرڈ سے علیحدگی کا مینڈیٹ حاصل ہوگیا ہے۔

وزیراعظم رخوئے نے کاتالونیا کی حکومت کو خبردار کرتے  ہوئے کہا کہ علیحدگی کےاعلان کے بعد حکومت آئین کی دفعہ 155 کے تحت کوئی بھی قدم اٹھاسکتی ہے۔ ان کامزید کہنا تھا کہ  کاتالان کے صدر کا جواب آئندہ چند روز میں مستقبل کے اقدامات کا تعین کرے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کاتالونیا میں ہونے والے ریفرنڈم میں 90 فیصد ووٹرز نے اسپین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا جب کہ اسپین کی تاریخ میں اس سے قبل کبھی بھی دفعہ 155 کا نفاذ نہیں کیا گیا۔