کوئٹہ : وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ وفاقی محکموں اور کارپوریشنوں میں بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے لوگوں کی تعیناتیاں تشویشناک امر ہے ۔
قومی اسمبلی و سینیٹ میں جمعیت علماء اسلام کے اراکین نے بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے تعینات افراد کا کھوج لگانے کیلئے سوالات جمع کررہے ہیں مگر بدقسمتی سے بیوروکریسی اس راہ میں رکاوٹیں ڈال کر ہماری تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے مشکلات پیدا کررہی ہے ۔
‘یہ بات انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی‘ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہاکہ کوئٹہ‘ڈیرہ بگٹی‘موسیٰ خیل‘بارکھان‘کوہلو سے بڑی تعداد میں دوسرے صوبوں کے لوگوں نے جعلی ڈومیسائل بنا کر بلوچستان کے کوٹے پرملازمتیں حاصل کرررکھی ہے ۔
جب ہم نے اس حوالے سے قومی اسمبلی میں بلوچستان کے کوٹے پر تعینات تمام افراد کے ناموں اور ڈومیسائل کی فہرستیں مہیا کرنے کے حوالے سے سوالات جمع کراکے آواز بلند کی تو بیورو کریسی نے اس میں روڑے اٹکا کر معاملہ دبادیا ہے مگر جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے عوام کی حقوق پر ہر وقت صحیح ترجمان کرتے ہوئے پارلیمنٹ فلور پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں بلوچستان کے عوام سے حکمرانوں نے معافی مانگیں صوبے کے عوام کو معافی نہیں آئین کے تحت طے شدہ اپنے حقوق دئیے جائیں مگر بدقسمتی سے واپڈا‘نیشنل ہائی وے اتھارٹی‘پلاننگ کمیشن‘پاکستان ٹیلی ویژن اور دیگر وفاقی ادارے میں بلوچستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے جبکہ وفاقی بیوروکریسی اور خود مختارکارپوریشنوں میں ابھی تک ایک بھی سیکرٹری اور ایم ڈی بلوچستان سے نہیں لیاگیا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔
‘وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے جعلی ڈومیسائل پر بلوچستان کے کوٹے پر تعیناتیوں کی جامع انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈومیسائل کی اجراء وبلوچستان کے کوٹے پر جعلی ملازمتیں کرنیوالے تمام افراد کو قانون کے مطابق سزادی جائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی بلوچستان کے جعلی ڈومیسائل پر ملازمت حاصل کرنے اور ہمارے نوجوانوں کی حق تلفی کی جرات نہ کرسکیں۔
وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل کی بھرتی ہورہی ہے، وفاقی وزیر پوسٹل سروسز
![]()
وقتِ اشاعت : October 16 – 2017