نواب شاہ: پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سردار یا رمحمد رند نے کہاکہ موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی 200ارب روپے کی کرپشن کی اب جب وہ سیاہ و سفید کے مالک بن چکے ہیں تو کرپشن کے ریکارڈ قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے اور وہ احتساب عدالتوں اور نیب کے چکر کاٹ رہے ہیں مگر اپنی کرسی چھوڑنے کو تیار نہیں ان لوگوں کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں باقی عوام اور ملک کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ نواب شاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اب سندھ کی عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے یہ وہ لوگ ہیں جنہیں عوام پہچان چکے ہیں یہ عروج سے زوال کی طرف جارہے ہیں ان کا سورج غروب ہوچکا ہے سندھ کے عوام آج بھی سالوں پیچھے ہیں تعلیم ، صحت، روڈ کی صورتحال سب کے سامنے ہے عوام غریب سے غریب تر ہوتے جارہے ہیں جبکہ سندھ کے حکمران ارب ،کھرب پتی بن چکے ہیں سندھ میں عام آدمی کو انصاف ملنے کی توقع ہی نہیں ہے یہاں کی پولیس حکمرانوں کی غلام ہے ۔
سرداریار محمد رند نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے لئے عملی میدان میں اتر چکی ہے ہم 22اکتوبر کو سیہون میں جلسہ عام کریں گے جہاں قائد عمران خان عوام کے سمندر سے خطاب کریں گے اس جلسے کو روکنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہے ہماری راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہے اگر ہمیں جلسے سے روکا گیا تو لعل شہباز قلندر کے مزار پر اور پھر نواب شاہ شہر میں جلسہ کریں گے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف ملک اور جمہوریت کے لئے خطرہ بنتے جارہے ہیں عوام بیدار ہوچکی ہے سندھ کے حکمران جو عوام کے ووٹوں پر جیت کر آئے ہیں کہتے ہیں کہ عوام کے ووٹ پر پیشاب بھی نہیں کرتے یہ عوام کی توہین ہے اب بھی اگر عوام نہیں جاگی تو انہیں ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سردار یار محمد رند نے کہا کہ بھٹو کے نام پر ووٹ لینے والوں نے عوام کی تقدیر تو نہیں بدلی مگر اپنی اور اپنے نسلوں کی تقدیر ضرور بدل لی ہے ۔
خاقان عباسی نے وزیراعظم بننے سے قبل ہی2سو ارب روپے کی کرپشن کی، یارمحمد رند
![]()
وقتِ اشاعت : October 16 – 2017