لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور میں بلیو وہیل گیم کھیلنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دو افراد کی تلاش جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انٹرپول نے کارروائی کے لیے حکومت پاکستان کو خط لکھا اور معلومات کا تبادلہ کیا۔
ایف آئی اے کو دیے گئے اپنے بیان میں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بلیو وہیل گیم کھیلتے تھے اور اس سلسلے میں انہوں نے ایک نوجوان کو اغوا بھی کیا۔
ملزمان نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کے ہاتھ پاؤں باندھے اور منہ پر ٹیپ لگاکر ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی جاری کی۔
ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر یہ گرفتاریاں لاہور سے کیں۔
بلیو ویل گیم میں ملنے والے مختلف ٹاسک کو پورا کرنے کی کوششوں میں دنیا بھر میں اب تک متعدد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
پاکستان میں بھی پشاور میں اس گیم کی مبینہ شکار بچی سامنے آئی تھیے جس کے والدین کا دعویٰ ہے کہ بچی بلیو وہیل گیم کھیلتی تھی۔
پشاورمیں بلیو وہیل گیم کھیلنے والی بچی کا خیبر ٹیچنگ اسپتال میں علاج کیا گیا۔ اسسٹنٹ رجسٹرار ڈاکٹر اعزاز کے مطابق بچی کو نفسیاتی وارڈ میں لایا گیا تھا اوراس میں ڈپریشن کی علامات پائی گئیں تاہم ضروری تھراپی اور علاج کے بعد بچی کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا