کوئٹہ : بلوچستان کی سول وعسکری قیادت نے کوئٹہ شہر سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں شرپسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور کوئٹہ شہرکی سیکورٹی کو مزید مربوط بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
ایف سی ہیڈکوارٹرکوئٹہ میں بدھ کے روز اعلی سطح سیکورٹی کانفرنس منعقد ہوئی ۔جس میں صوبائی وزیرداخلہ میر سرفرازبگٹی ،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم ،قائمقام آئی جی پولیس بلوچستان محمد ایوب قریشی ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔
سیکورٹی کانفرنس میں کوئٹہ شہر وگردونواح میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبائی دارلحکومت سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی کے مزید سخت اور مربوط اقدامات کریں ۔صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹایاجائے گا۔
اجلاس کے بعد کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،آئی جی ایف سی بلوچستا ن میجر جنرل ندیم انجم نے سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سریاب روڈ پر خودکش بم دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی عیادت کی بعد ازاں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے پولیس لائن کوئٹہ میں سریاب روڈ پر خودکش دھماکے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شرپسندوں سے آئینی ہاتھوں سے نمٹاجائیگا،سول و عسکری قیادت
وقتِ اشاعت : October 19 – 2017