|

وقتِ اشاعت :   October 19 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات نے نیو سریاب خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے بیان میں کوئٹہ سریاب روڈ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف ہماری فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔

بلوچستان کے مخدوش حالات کو درست کرنے کیلئے اورا من کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز کے کردار کو بڑی اہمیت حاصل ہے ۔

بیان میں سریاب روڈ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیاگیا اور دعا کی گی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبر وجمیل عطاء فرمائے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ۔

ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں سریاب روڈ پر پولیس وین پو خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کے نتیجے میں شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد و فوری شفایابی کی دعا کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں دہشت گردی کی نئی لہر سے واضح ہورہاہے کہ دہشت گرد نہ صرف منظم ہیں بلکہ انکے پاس قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت ہر طبقے و مقام پر حملہ کرنے اور بھاری نقصان پہنچانے کی صلاحیت موجود ہیں۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر جس طرح سبزی فروشوں، پولیس اہلکاروں اور عام راہگیر شہریوں پر تواتر کے ساتھ حملے ہوتے رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتاہے کہ دہشت گرد عناصر عام شہریوں کو خوف و دہشت کی فضاء میں مبتلا کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سابق گورنر سید محمد فضل آغا نے کوئٹہ میں پولیس وین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوارخاندانوں سے ہمدردی کااظہار کیلئے جنت الفردوس اور زخمیوں کیلئے صحت کاملہ کی دعا کرتے ہوئے حکومت بلوچستان ومحکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ شہداء وزخمیوں کی مالی امداد سمیت علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ سفاک دشمن نے سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کرکے وطن دشمنی کا ارتکاب کیا نوجوان اہلکروں کے وطن پرجانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دشمن کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے محافظین پر جان لیوا حملے سے اسلامی پشتون بلوچ روایات کی خلاف ورزی ہوئی، اسلامی اقدار کے خلاف اپنے فیصلوں کو قوم پر مسلط کرنے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دینگے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں خوف کی فضاء کے باوجود قوم کے چین وسکون سے سانس لینے کے سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک وملت کیلئے سیکورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں سیکورٹی اداروں کی ہی بدولت عوام چین کی زندگی گزاررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج ملک وقوم کے تحفظ کی صلاحیت رکھتی ہیں پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے۔