|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2017

کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات اٹھارہی ہے تاہم اس شعبے کی بہتری کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اسکولوں میں ملک کا مستقبل علم حاصل کررہا ہوتا ہے جبکہ اس کے لئے تربیت کا ہونا بھی انتہائی ضروری ہے ۔ 

ہم نصابی اور غیرنصابی سرگرمیاں بچوں میں مقابلے، قوت برداشت، استقامت، ہنر وحوصلہ اور فن سے آشنا ہونے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع کوئٹہ میں طلباء کے مابین غیر نصابی سرگرمیوں کی اختتامی تقریب سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جناح ٹاؤن میں اساتذہ، طلباء، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

تقریب سے پر سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر، ڈویژنل ڈائریکٹر کوئٹہ سید انور شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ مطیب خان آفریدی، ڈائریکٹر سپورٹس منور حسین ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 

تقریب سے وزیر تعلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ اور ان کی ترویج بھی اہمیت کا حامل ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں تعلیم کے فروغ کو اہمیت نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے اسکولوں میں فنڈز اور دیگر غیرنصابی سرگرمیوں کو پذیرائی نہیں ملی جبکہ اسکولوں میں جگہ کی تنگی بھی ایک سنگین مسئلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جو بھی اسکول تعمیر کئے جائیں گے ان کے لئے گراؤنڈز اور جگہ کی فراہمی کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے گا تاکہ بچوں کی ذہنی نشوونما کھیل کود اور غیرنصابی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت پر بھرپور توجہ دیں۔ تعلیم ہی سے ہم دور جدید کے چیلنجز کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔ 

انہوں نے اس موقع پر کوئٹہ ڈویژن کے اسکولوں کی انتظامیہ کی تعریف کی اور جناح ٹاؤن اسکول کے لئے دو لاکھ گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے سیکریٹری ایجوکیشن عبدالفتح بھنگر نے بتایا کہ غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بچوں میں مقابلے کا رحجان ابھر کر سامنے آتا ہے اور وہ مستقبل قریب کے تمام چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی غیرنصابی سرگرمیاں نیا ٹیلنٹ سامنے لانے میں کارگر ثابت ہوتی ہیں۔ یہ سلسلہ اب باقاعدگی سے صوبے بھر کے تمام اسکولوں میں ہوا کرے گا۔

تقریب سے ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں شرکاء نے کھیلوں کے مختلف مقابلے دیکھے اور آخر میں کامیاب طلباء ومہمانوں میں شیلڈ اور انعامات تقسیم کئے گئے۔