کوئٹہ+ مستونگ+ خاران+ گوادر: مستونگ اور گوادر میں دستی بم کی حملوں میں 41 افراد زخمی ہو گئے جب کہ خاران میں بی این پی سابق ضلعی صدر کے گھر پر فائرنگ سے دو افرا دزخمی ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ سے ملحقہ ضلع مستونگ میں مرکزی بازار کے علاقے سلطان شہید چوک پر نامعلوم افراد نے اس وقت دستی بم پھینکا جب وہاں لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف یا گزر رہے تھے۔
دھماکے کے نتیجے میں پندرہ افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مستونگ اور نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ پہنچایا گیا ۔
دو زخمیوں کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیاگیا جبکہ باقی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔نواب غوث بخش ہسپتال منتقل کئے گئے .
زخمیوں میں مدرسہ طالب علم سمیع اللہ ولد مولوی علی مردان رخشانی سکنہ بس اڈہ ،عبدالعزیز ولد امام بخش ابڑو سکنہ زرگلہ محلہ، فراز احمد ولد عبدالرزاق شاہوانی سکنہ گونگھڑ مستونگ، سعداللہ ولد غلام محمد بنگلزئی سکنہ کلی بنگلزئی مستونگ، محمد دین ولد مولوی قمر الدین شاہوانی سکنہ کونگھڑ مستونگ، نثار احمد ولد محمد یونس ملازئی سکلی کلی غزگی مستونگ ، حسین بخش ولد محمد جام ابڑو سکنہ اوستہ محمد ،زبیر احمد ولد محمد عباس ملازئی سکنہ کلی غزگی مستونگ شامل ہیں ۔
سول ہسپتال مستونگ منتقل کئے گئے زخمیوں کی شناخت حاجی علی حیدر ولد گل محمد بنگلزئی سکنہ محراب روڈ مستونگ، لعل محمد ولد محراب الدین ازبک سکنہ حاجی کوڑا خان گلی مستونگ، عمران ولد کشمیر خان ابابکی سکنہ کلی پرانو مستونگ ، فیض محمد ولد محمد اسماعیل بنگلزئی سکنہ اشکنہ مستونگ، شعیب احمد ولد محمد یونس شاہوانی سکنہ مستونگ، عبدالقدیر ولد عبدالقادر بنگلزئی سکنہ کلی اشکنہ مستونگ ، خلیل احمد ولد دوست محمد شاہوانی سکنہ عزیز آباد مستونگ کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر گوادر میں سید ہاشمی ایونیو پر ہوٹل میں دھماکہ، 26افراد زخمی ۔ ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے واقع کے مطابق گوادر کے سید ہاشمی ایونیو پر واٹر بکس کے قریب واقع ہوٹل میں رات کے تقریباً آٹھ بجے نامعلوم افراد نے ہوٹل میں بیٹھے ہوئے افراد پر دستی بم پھینکا۔ جس کے سبب 26 افراد زخمی ہو گئے ۔ جن میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ جہاں پر ان کو طبی امداد دی گئی۔
تین افراد کو علاج کراچی منتقل کر دیا گیا ۔ ڈی آئی جی گوادر ندیم حسین کے مطابق زخمیوں میں 15 افراد کا تعلق سندھ سے ہے جبکہ 11 کا تعلق پنجاب سے ہے یہ تمام زخمی افراد مزدور تھے جو ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے حملے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔ جبکہ بلوچستان کے علاقے خاران میں بی این پی کے سابق ضلعی صدر کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ دو افراد زخمی ۔
اطلاعات کے مطابق خاران میں بی این پی کے سابق ضلعی صدر غلام حسین کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر دیاگیا مزید کارروائی کی جارہی ہے ۔