لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ والد پر نیب ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونے کی خبر نے دور آمریت کی یاد تازہ کردی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ آج سابق وزیراعظم میاں نواز شریف پر فرد جرم عائد ہونے کی خبر دیکھ کر آمریت کا دور یاد آگیا۔
مریم نواز نے کہا کہ اس خبر سے مجھے آمریت کا وہ دور یاد آیا جب میں اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کے ہمراہ 1999 میں پشاور میں جلسے میں شریک تھی اور ایسی ہی خبر آئی تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل کیے گئے وزیراعظم نواز شریف پر آج تیسرے نیب ریفرنس میں بھی فرد جرم عائد کردی گئی ہے جب کہ گزشتہ روز نواز شریف، مریم اور ان کے شوہر صفدر پر بھی کرپشن کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔