|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2017

کوئٹہ :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء ،رکن صوبائی اسمبلی اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید خان اچکزئی کو گزشتہ روز ٹریفک سارجنٹ کو گاڑی سے کچلنے اور مقدمہ قتل میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ ون اور ایڈہاک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ کے روبرو ناسازی طبیعت کے باعث پیش نہیں کیاجاسکا بلکہ جیل حکام کی جانب سے دونوں مقدمات میں ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس کے بعد دونوں عدالتوں میں کیسز کی سماعت کو 30اکتوبر کیلئے ملتوی کردیاگیاہے ۔

گزشتہ روز ٹریفک اہلکار کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمہ میں عبدالمجید خان اچکزئی کو جیل حکام کی جانب سے عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا جاسکا بلکہ ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی اور موقف اختیار کیا گیا کہ ناساز طبیعت کے باعث عدالت میں پیش نہیں کیاجاسکاہے جس پر عدالت نے سماعت کو 30اکتوبر تک ملتوی کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

دریں اثناء مجید خان اچکزئی کو عبدالغفار نامی شخص کے مقدمہ قتل میں ایڈہاک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعادت اللہ خان بازئی کے روبرو بھی پیش نہیں کیا جاسکا بلکہ ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس پر عدالت نے سماعت کو 30اکتوبر تک کیلئے ملتوی کرنے کے احکامات دے دئیے ۔