|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2017

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماں نے کہا ہے کہ پشتونوں کو درپیش مسائل میں گزشتہ چند سالوں میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے اور افسوسنا ک طور پر ان مسائل کے حل کے لئے نہ تو حکومت وقت نے سنجیدگی دکھائی ہے اور نہ ہی پشتونوں کی نمائندگی کا دعوی کرنے والے حکمرانوں کے کانوں پر کوئی جوں رینگی ہے ۔

پارٹی کی جدوجہد سے فاٹا کے خیبرپشتونخوا میں انضمام کی راہ ہموار ہوئی تو اس میں بھی روڑے اٹکائے جارہے ہیں ، کوئٹہ سے لے کر پشاور اور کراچی سے لے کروفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک پشتونوں کو اس وقت جو حالات درپیش ہیں وہ حکومت وقت کی عدم توجہی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

ان مسائل کے حل کے لئے عوامی نیشنل پارٹی حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی تگ و دو کررہی ہے کیونکہ باچاخان کے پیروکار وں کے لئے اقتدار کی کوئی اہمیت نہیں انہیں اپنے عوام سے پیار ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنے عوام سے دور نہیں کرسکتی ، کارکن کل کے جلسے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں ۔ 

ان خیالات کااظہارعوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی،ارباب مجیب احمد، سید امیر علی آغا،ملک رحیم خان ، ندیم عسکر،حاجی عبداللہ خان، زاہد خان ترین، ڈاکٹر نسیم خان، ڈاکٹر نصیر خان،نعمت آغا،کمال آغا،جعفرآغا،فضل آغا و دیگر رہنماں نے گزشتہ روزکلی منزکی،کمالزئی اورکلی کربلا پشین میں ورکرز کنونشن،قبائلی جرگے اور شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے رہنماں نے کہا کہ موجودہ وقت میں صرف عوامی نیشنل پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ہر قسم کے مفادات سے بالا تر ہو کر پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے اور ہر سطح پر آواز بلند کررہی ہے ۔

پارٹی نے پشتونوں کو ایک لڑی میں پرونے کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی اور یہ بھی پارٹی ہی کی جدوجہد کی بدولت ممکن ہوا ہے کہ پسماندہ رہ جانے والے قبائلی علاقوں کو خیبرپشتونخوا میں ضم کرنے کادیرینہ مطالبہ پورا ہورہا ہے ۔ 

مگر اس بات پشتونوں کی یکجہتی سے خائف حکمرانوں نے نئی چال چلتے ہوئے پشتونوں کی یکجہتی میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے پشتونوں ہی کو میدان میں اتاردیا ہے جن کی کوشش ہے کہ پشتونوں اسی تقسیم در تقسیم رہ کر بنیادی ضروریات سے محروم رہیں اور بدامنی سمیت دیگر مسائل سے دوچار رہے ۔ 

باچاخان کے پیروکاروں کے ہوتے ہوئے ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوسکتی ہم ان کی سازشوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے اور پشتونوں کو ایک لڑی میں پروکر ان کے مسائل حل کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پشتونوں کو بحیثیت قوم جن مسائل کا سامنا ہے ان کا حل نکالنا وقت کی اولین ضرورت ہے ۔

پشتونوں کے خلاف امتیازی سلوک بند ہونا چاہئے اور انہیں بلا وجہ تنگ کرنے کے تمام حربے اب ختم کردینے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد ملی مشر اسفندیار ولی خان آج کوئٹہ آرہے ہیں اور کل وہ پشین کے تاج لالہ فٹبال گرانڈ میں پارٹی کے زیراہتمام جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔

پارٹی کارکن جلسہ عام میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں انشا اللہ ہم ثابت کرکے دکھادیں گے کہ پشتونوں کی نمائندگی ہمارے ہی پاس ہے ۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر درجنوں افراد نے پارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا ۔