|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2017

کوئٹہ: اندرون بلوچستان فائرنگ اور دھماکوں میں ایف سی اہلکارسمیت 6افراد جاں بحق، بولان میں مسافر ٹرین پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے سے 4مسافر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ہرنائی کے علاقے میں سڑک کنارے نصب دھماکہ خیزمواد پھٹنے سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء عبدالرزاق اپنے بھائی سمیت جاں بحق ہوگئے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر عبدالسلام اچکزئی کے مطابق گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایاگیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں بلکہ گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔

جاں بحق ہونے والے بھائیوں کے متعلق بتایاجارہاہے کہ وہ پشین میں اسفندیار ولی خان کے جلسے میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایاگیا،چھتر کے علاقہ ذب میں زیر زمین نصب بارودی سرنگ سے بیل گاڑی ٹکر گئی جس کے نتیجے میں بیل گاڑی پر سوار یار محمد ماچھی موقع پر جان بحق جبکہ بھاگیہ ماچھی شدید زخمی ہوا دوسرا دھماکہ چھتر کے علاقے میں بگڑا جت نامی چروہا اپنی بکریاں چراتے ہوئے زیر زمین نصب بارودی سرنگ کا نشانہ بن کر جان بحق ہوگیا ۔

کوئٹہ سے راوالپنڈی جانیوالی اکبر بگٹی ایکسپریس جیسے ہی بولان کے علاقے ہرک کے مقام پر پہنچی تو نامعلوم افراد کیجانب سے ٹریک کیساتھ نصب کیے گیے ریمورٹ کنٹرول بم کا ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی بوگی نمبر 9کو جزوی طور پر نقصان پہنچا 4افراد حسن والد حبیب اللہ شاہد والد محمد اسلم سکنہ لودھراں محسن علی والد گلشیر جھنگ عبدالغفار والد محمد ابراہیم زخمی ہوگئے ۔

اطلاع ملتے ہی ایف سی کرنل مچھ اور اسسٹنٹ کمشنر مچھ لیویز ایف سی کے بھاری نفری موقع پر پہنچ کر مسافروں کو محفوظ جگہ پر منتقل کیا زخمیوں کو ایف سی اور لیویز ریلوے پولیس نے ابتدائی طبی امداد دی تمام زخمیوں کے حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ا ور متاثرہ جگہ سے ٹریک کیساتھ مزید نصب 2بم کو ناکارہ بناکر بیٹری تاریں اور اینٹینا قبضے میں لے لیا ٹریک کلیئرنس کے بعد ٹرین کو منزل مقصود کے جانب روانہ کردیا گیا ۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کے ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ،تربت فائرنگ کے دو واقعات میں ایک اہلکار جاں بحق ، ایک زخمی ہوگیا،

مسلح افراد نے تربت کے علاقے بالگتر میں ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا، تربت کے علاقے بلیدہ میں ایف سی کے قافلے پر فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا