کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیرریونیووٹرانسپورٹ شیخ جعفر مندوخیل نے کہاکہ کوئٹہ میں لینڈ مافیا کو کسی صورت قبائل اور عام لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے نہیں دینگے ۔
کوئٹہ میں تمام اراضیوں کے ریکارڈ اور بندوبست کو کمپیوٹر ائزڈ کیا جارہا ہے ہم قابضین سے زمین واپس لیکر اصل مالکان کے حوالے کرینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
وفد میں ملک عبدالولی کاکڑ ،صاحبزادہ سیف اللہ ،حاجی عبدالرحمن بازئی ،ملک نصیر شاہوانی ،محمدحنیف بازئی ،ڈاکٹر عبدالظاہر ،حضرت افغان ،ارباب عبدالقادر کاسی ،ملک محمد یوسف یاسین زئی ،علاؤ الدین کاکڑ،محمد علی شاہ ،ملک اسلم کاسی اور عبدالحق کاکڑ شامل تھے ۔
قبائلی عمائدین کے وفد نے ضلع کوئٹہ میں آباد مقامی قبائل کے پدری و مورثی زمینوں سے متعلق درپیش مشکلات ومسائل اور قابضین سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا ۔جعفرخان مندوخیل نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ لینڈ مافیا سے غیر قانونی اور قبضہ کی گئی زمین واپس لیکر حقیقی مالکان کے حوالے کرینگے ہم کوئٹہ میں اراضیوں کا جلد بندوبست کریں گے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ میں کی گئی غیر قانونی طریقوں سے الاٹمنٹ وانتقالات قبائل کے درمیان جھگڑوں کا باعث بن رہے ہیں ان کو فوری طورپر منسوخ کرنے کے احکامات دیئے جائیں گے اور فوری زمینوں کے بندوبست کا عمل شروع ہوگا ۔