|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2017

کوئٹہ: قومی اسمبلی کے اسٹینڈنگ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات کے ارکان نے کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید خان خانانخیل کی سربراہی میں تربت یونیورسٹی کے گوادرکیمپس کا دورہ کیا۔

ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر مظہرسعید، تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمان ، ڈائریکٹر کیوای سی پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، ڈائریکٹر فنانس غلام فاروق بلوچ، ڈائریکٹر پلاننگ محمد حیات بلوچ، ڈائریکٹرگوادر کیمپس اعجاز احمد بلوچ، پی ایس او ٹووائس چانسلر چاکر حیدر، انچارج منیجمنٹ سائنسز فدااحمد، انچارج کمپیوٹرسائنسز حفیظ اللہ، انچارج شعبہ ایجوکیشن شہناز نوراورانچارج شعبہ کامرس مجاہد حسین نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ گوادرکیمپس آمد پر پارلیمانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی اور جی پی اے کے دیگر افسران بھی وفدکے ہمراہ تھے۔ کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید خان خانانخیل نے گوادر میں تربت یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن اور تربت یونیورسٹی کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا حکومتی فیصلہ ایک قابل تعریف اقدام ہے جس کی تکمیل کے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

کیوں کہ گوادر یونیورسٹی کے قیام سے گوادر سمیت بلوچستان کے لوگوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مزید مواقع پیداہوں گے۔اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران کو ہائرایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر مظہرسعیدنے یونیورسٹی آف گوادر کے قیام کے سلسلے میں ہونے ولی پیشرفت کے حوالے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف گوادر کے قیام کے سلسلے میں کام تیزی سے جاری ہے۔

حکومت پاکستان نے گوادر میں ایک عالمی معیار کے یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کو 2016-17کے پی ایس ڈی پی میں شامل کیاگیاہے اس کا پی سی ٹو منظور ہوچکا ہے اور فیزیبلٹی رپورٹ جنوری2018تک مکمل ہوگا اور یونیورسٹی آف گوادر کا بھی منظوری کے لئے پیشرفت جاری ہے۔

یونیورسٹی آف تربت کی چارسالہ کارکردگی اورگوادر کیمپس کی ترقی کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسرڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ چارسال کے ریکارڈ مدت میں تربت یونیورسٹی اپنی مستقل عمارت مکمل ہوچکی ہے اور یونیورسٹی اپنی مستقل عمارت مین شفٹ ہونے کے بعد وہاں باقاعدہ طورپردرس وتدریس کاآغاز ہوچکاہے اور تعلیمی گہماگہمی اپنی عروج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2017سے تربت یونیورسٹی کے گوادر کیمپس میں چار پروگرام میں تدریسی عمل جاری ہے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان نے کلاس روم ، کمپیوٹرلیب،لائبریری اور فیکلٹی آفسز دیکھا اور وہاں پر دستیاب تدریسی سہولیات کا جائزہ لیا۔

وفد کے ارکان نے طلباء وطالبات سے گفتگو کیا اور ان کے حصول علم کے جذبے کو سراہا۔آخر میں ڈائریکٹر کیوای سی پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمان، ڈائریکٹر گوادر کیمپس اعجاز احمد اور چیئرمیں گوادرپورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کو شیلڈپیش کئے۔