|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی اعلی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور حالیہ مردم شماری کے بعد بلوچستان کی آبادی میں بڑی حد تک اضافہ ھوا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد کو بڑھا کر 30تک کیا جائے اور بلوچستان کے ہر ضلع میں ایک قومی اسمبلی کی نشست کا اضافہ کیا جائے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے بلوچستان کو بھی قومی اسمبلی میں اکثریت دی جائے اس کے ساتھ ساتھ اکثر صوبائی اسمبلی کی نشستوں کو بھی تقسیم کیا جائے بلوچستان میں حالیہ خشک سالی سے پیداہونے والی صورتحال تشویشناک ہے اکثر قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقے بہت بڑے رقبے پر موجود ہے جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں میں احساس محرومی پایا جاتا ہے ۔

اگر قومی اسمبلی میں بلوچستان کو زیادہ نمائندگی دی جائے گی تو وہاں امن وامان کی صورتحال بھی بہتر ہوگی پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے پارٹی کی اعلی قیادت کو اپنے حالیہ دورہ سندھ سے آگاہ کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد بلوچستان کے تمام اضلاع کا دورہ کروں گا جس کے بعد چیرمین عمران خان کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دوروں کی دعوت دونگا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عوامی جلسوں کا انعقاد کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کارکن الیکشن 2018 کی تیاری شروع کریں انشا اللہ بلوچستان سے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔