ڈیرہ مراد جمالی : پیپلز پارٹی کے مرکزی سینٹرل ایگزیکٹو کے رکن سابق صوبائی وزیر میر محمد صاد ق عمرانی نے کہاکہ نصیرآباد میں ایک طبقہ کو عوامی وسائل لوٹنے اور زرعی اراضی کی قبضہ گیری کی اجازت نہیں دیں گے ۔
نصیرآباد میں پی بی 28اور پی بی 29میں دوسرے نمبر پر پیپلز پارٹی نے ووٹ حاصل کیئے ہیں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں نصیرآباد کو اوچ پاور پلانٹ سے بجلی دینے کے منصوبے کو تعطل کا شکار کرنا عوام دشمنی اقدام ہے انشاء اﷲ پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار دوبارہ کامیاب ہو رکے ہوئے ترقی کے عمل کو دوبارہ شروع کریں گے ان خیالات کا اظہار عمرانی ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہاکہ نصیرآباد کی عوام باشعور ہے 2018کے عام انتخابات میں عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کو شکست سے دوچار کریں گے
انہوں نے الزام عائد کیاکہ اوچ پاور پلانٹ سے نصیرآباد کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے 220کے وی گرڈ اسٹیشن کے تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا تھا لیکن مسلم لیگ(ن)کے دور حکومت میں گرڈ اسٹیشن کے کام کو بند کردیا گیا ہے جس سے زراعت اور صنعتی شعبے کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں کہاکہ نصیرآباد سے منتخب عوامی نمائندوں نے ذاتی مسائل حل کرنے کے سوا عوام کے لیئے کچھ بھی نہیں کیا ہے اور کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترقیاتی پیکج کو شہر سے باہر خرچ کرنے کی فوری تحقیقات کرائی جائے کیونکہ سی ایم پیکج صرف اور صرف ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹر کیلئے تھا اور کہاکہ نوتال اور ربیع کے علاقوں میں انتظامیہ کی ملی بھگت سے غریب کسانوں کی لاکھوں ایکڑ سرکاری اراضی حکمران طبقہ اور ان کے حماتیوں کے نام کیئے جا رہے ہیں۔