|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ٹی 20سیریز میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی فتح اور کلین سویپ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور میں سیریز کے آخری میچ کا پرامن ماحول میں انعقاد بھی ایک بہت بڑی کامیابی ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ایک پرامن قوم ہیں جو کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور جنہوں نے جراء ت اور بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔

پاکستان میں کرکٹ میچ کا انعقاد دنیابھر کے لئے پیغام ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم اپنے مہمانوں کی عزت احترام اور ان سے پیار کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج سے آٹھ سال قبل ملک دشمن عناصر نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے سری لنکاکی ٹیم پر حملہ کیا تھا جس سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

تاہم الحمدللہ سری لنکا کی ٹیم کی آمد اور میچ کا انعقاد ان ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے منہ پر ایک طمانچہ ہے کیونکہ آج امن کی فتح اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کو شکست ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی قوم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے سری لنکا کی حکومت، کرکٹ بورڈ اور ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں کرکٹ میچ کے انعقاد کو ممکن بنا کر امن واستحکام کے قیام میں اپنے حصے کا کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے سے دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی کرکٹ میچوں کا انعقاد ہوگا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم آئندہ بھی اپنی کارکردگی برقرار رکھے گی۔