کوئٹہ: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب داؤد خان ناصر نے کوئٹہ میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم وجے پرویز مسیح کو جرم ثابت ہونے پر14سال قید اور 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔
استغاثہ کے مطابق ملزمان نے15مئی 2015ء کو مسیحی خواتین رمشاء مسیح اور حنا مسیح پر سٹی تھانہ کوئٹہ کی حدود سبزی مارکیٹ کے علاقے میں تیز پھینک دیاتھا جس کے باعث دونوں خواتین کے ہاتھ پاؤں تیزاب سے جھلس گئے تھے۔
بعدازاں پولیس نے ملزم وجے پرویز مسیح کو گرفتار کرکے چالان عدالت ہذاء میں جمع کیاتھا گزشتہ روز عدالت کے جج نے ملزم وجے پرویز مسیح کو خواتین پر تیزاب پھینکنے کاجرم ثابت ہونے پر 14سال قید اور 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کو مزید 3ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔
یا درہے کہ خواتین پر تیزاب پھینکنے کے اس واقعہ کا صوبائی حکومت کی جانب سے سخت ایکشن لیاگیا تھا بلکہ متاثرہ خواتین کے علاج ومعالجے کا کراچی کے آغاخان ہسپتال میں تمام تر اخراجات بھی صوبائی حکومت نے برداشت کئے تھے ۔
دوشیزہ رمشاء مسیح اور ان کی بھابھی حنا مسیح کی جانب سے کیس کی پیروی عبید قریش ایڈووکیٹ نے کی ۔