|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2017

کو ئٹہ:  وفاقی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی میر دوستین خان ڈومکی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کے لئے معیاری اشیاء کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لارہی ہے

اور حکومت اس حوالے سے عوام میں بھی شعور کی آگاہی کے لئے صوبے میں سیمینارز اور تقاریب کا انعقاد کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ میں ورلڈ سٹینڈرڈ ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کیا۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمبرآف کامرس کے سینئر نائب صدر محمد ایوب خلجی کاکہناتھاکہ پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے اس قسم کے عالمی مواقعوں میں شمولیت انتہائی قابل تحسین اقدام ہے۔

اس طرح کے پروگرام اس بات کی تصدیق ہے کہ ہم عالمی برادری کے ہر بہتر اقدام میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ یہ ہمارے مینو فیکچررز کیلئے کوالٹی اور معیار کے بین الاقوامی طریقوں کو اپنانے کے حوالے سے حوصلہ بڑھانے کا ذریعہ بھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ورلڈ سٹینڈرڈز ڈے کا اس سال کا موضوع Standards Make cities Smarter پر یقینی عملدرآمد کی جانب ہماری توجہ مبذول کرتا ہے تاکہ اعتماد کی بہتر فضا قائم ہو سکے۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹینڈرڈز اعتماد کو اس حد تک لے جاتاہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بھر پورانداز میں کام کیا جا سکتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ معیار وہ ذریعہ ہے جو دنیا بھر میں ہر ایک کیلئے بین الاقوامی تجارت کے دروازے کھولنے، مقامی تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور معیاری نظام پر اعتبار کو بڑھاتے ہوئے عالمی سطح پرتجارت کو فروغ دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ یہ امر قابل مسرت ہے کہ پاکستان سٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اورد یگرمعروف اداروں مثلاً SITE, KATI, OICCI, KCCI, FPCCIایسوسی ایشن ، کنزیومررائٹس ایسوسی ایشن اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اسی طرح اس اہم موضوع میں نوجوانوں کی شمولیت کیلئے مقابلہ مضمون نویسی اورمعروف یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط بھی ایک قابل ستائش اقدام ہے۔