چمن : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ خدائی خدمتگار سے لے کر آج تک عوامی نیشنل پارٹی تک سفر کے دوران ہزاروں افراد نے جانوں کی قربانیاں دیں ، لیکن وطن کے ننگ و ناموس پر آنچ نہیں آنے دیا ۔
شہید خان جیلانی خان اچکزئی پشتون ولی کے آمین ، امن کے داعی ، رواداری ، برداشت ، تحمل کی سیاست پر یقین رکھتے تھے ، ان کی ساتویں برسی کے موقع پر ملی مشر اسفندیار ولی خان پشتون قومی تحریک کے اغراض و مقاصد ، اہداف کے حصول ، قومی اتفاق پر تاریخی خطاب کریں گے ۔
پشتون اولس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ شہید وطن خان جیلانی خان اچکزئی کی ساتویں برسی 13 نومبر کو چمن ہائی سکول فٹ بال گراؤنڈ پہنچ کر پشتون قومی تحریک کے سرخیل عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان کے رواں گھمبیر صورتحال پر فکر انگیز خطاب سننے اور حالات کا ادراک کرتے ہوئے ایک باشعور قوم کی حیثیت سے اپنی قومی ملی ذمہ داریوں کے احساس کا ثبوت دیں ۔
ان خیالات کا اظہار باچاخان مرکز چمن میں ضلع چمن میں قلعہ عبداللہ کے سینئر اراکین ، تحصیل ذمہ داران کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ۔ اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر اسد خان اچکزئی منعقد ہوا جس میں رکن مرکزی کمیٹی جاوید کاکڑ ، ضلعی جنرل سیکرٹری جمیل احمد پیر علی زئی ، ضلعی سینئر نائب صدر خان محمد کاکڑ ، تحصیل چمن صدر گل باران افغان ، تحصیل گلستان صدر حبیب خان اٹل ، اراکین صوبائی حاجی عبدالرحمن رودی ، سعداللہ خپلواک ، لالا خان مسے زئی ، سردار عبدالوہاب ، حاجی صادق صدا ، صلاح الدین وطن یار اور دیگر نے جلسہ عام بارے تجاویز پیش کیں ۔
اجلاس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور انہیں اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ۔ ضلع بھر میں پرچم آویزاں کرنے ، وال چاکنگ ، ہینڈ بلز ، پوسٹرز ، سٹیکرز ، تقسیم کرنے اور ڈور ٹو ڈور مہم چلانے کے لئے 6 نومبر کو تحصیل گلستان ، 7 نومبر کو تحصیل قلعہ عبداللہ اور 8 نومبر سے 11 نومبر تک تحصیل چمن کے دورے کئے جائیں گے اور قبائلی زعماء ، اولسی جرگوں ، ورکرز کنونشن سے خطاب اور شمولیتی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے ۔