|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2017

گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کارواٹ میں نصب 2ملین گیلن پانی روزانہ کی استعدادکے ڈی سلینیشن پلانٹ کی غیرفعالی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہارکرتے ہوئے پلانٹ کی فعالی میں حائل مسائل کو فوری طورپر حل کرکے اسے فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گذشتہ روز پلانٹ کے معائنہ کے موقع پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ نے کہاکہ گوادر مستقبل میں تجارتی اورمعاشی سرگرمیوں کا مرکز بننے جارہا ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ گوادرمیں بنیادی ڈھانچہ کی مضبوطی اور پانی کی کمی کے مسئلے کے دیرپابنیادوں پر حل کویقینی بنایاجائے بالخصوص پانی کے بحران پر قابوپانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ کارواٹ کے ڈی سلینیشن پلانٹ پر 2006ء سے کام کاآغازکیا گیا لیکن تاحال اسے فعال نہیں کیاجاسکا،جوسمجھ سے بالاتر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وسائل کا ضیاع اورترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہرگزبرداشت نہیں کی جاسکتی متعلقہ حکام پرذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اورمعیاری تکمیل کے ساتھ ساتھ وسائل کے صحیح استعمال کویقینی بنائیں،اورانہیں اپنے اپنے محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تمام معلومات اورتفصیلات سے آگاہی ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سی پیک کے تناظرمیں گوادر کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہواہے،سی پیک کی کے تناظر میں بلوچستان کو ترقی کے ملنے والے مواقعوں کو کسی صورت ضائع نہیں کیاجاسکتا،یہ حکومتی اداروں کافرض ہے کہ وہ ترقیاتی عمل میں حائل رکاوٹوں کو دورکریں تاکہ ترقی کا سفر تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھتارہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ984ملین روپے کے ترمیم شدہ تخمینہ لاگت کا یہ منصوبہ مئی 2016ء میں محکمہ پی ایچ ای کے حوالے کیاگیا،تاہم چند تکنیکی اوردیگر مسائل کے باعث ڈی سیلینیشن پلانٹ تاحال غیرفعال ہے۔

وزیراعلیٰ کو یقین دلایاگیا کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو جلد دورکرکے اسے فعال بناتے ہوئے گوادر کی صنعتی اورگھریلو ضروریات کیلئے صاف پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انہیں تکمیل کی پیشرفت کے حوالے سے ہرہفتہ آگاہ کیاجائے اوروہ اپنے آئندہ دورۂ گوادر کے دوران پلانٹ کا دوبارہ معائنہ کریں گے،صوبائی وزیرسردارمحمداسلم بزنجو ،سینیٹرآغاشاہ زیب درانی اوردیگرمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔