|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2017

کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت ہر سطح پرعوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے پشتونوں کو جو مسائل آج سے پانچ سال پہلے درپیش تھے ان میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے ان پر روزگار اور تعلیم کے دروازے بند کئے جارہے ہیں جس پر ہم خاموش نہیں بیٹھے ہم نے پہلے بھی ظالم اورعیش پرست حکمرانوں کو آئینہ دکھایا آئندہ بھی انہیں آئینہ دکھاتے رہیں گے۔

کارکن13نومبر کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چمن میں قبائلی عمائدین اور پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے این پی کے ضلعی صدر اسدخان اچکزئی ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محبت کاکا،مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالباری آغا اور اخلاق بازئی بھی موجود تھے۔

اصغرخان اچکزئی نے کہا کہ ہمارے قائدین نے آج سے چالیس سال قبل جو باتیں کہی تھیں آج وقت او ر حالات نے ثابت کردیا کہ ہمارے قائدین درست تھے آج تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ہمارے اکابرین کے موقف کی تائید کررہی ہیں کہ وہ درست تھے۔

پشتون قومی جماعت ہونے کے ناطے عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھائی اور اس راستے میں بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔

عوامی نیشنل پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس کی مرکزی لیڈرشپ سے لے کر عام کارکن تک سب نے پشتون اولس کے قومی ارمانوں کی تکمیل کے لئے نہ صرف کام کیا بلکہ قربانیاں بھی دیں مگر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے پشتونوں کو آج سے پانچ سال پہلے جو مسائل درپیش تھے موجودہ حکمران نہ صرف ان میں کوئی کمی نہیں لاسکے بلکہ ان کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے ان مسائل میں کئی گنا اضافہ بھی ہوگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو درپیش حالات کا تقاضہ یہی ہے کہ وہ اتحاد واتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو قوم اور مذہب کے نام پر انہیں بار بار دھوکہ دیتے آئے ہیں ان لوگوں کا اصل چہرہ اور پشتون دشمنی فاٹا انضمام کے حوالے سے کھل کر سامنے آگئی ہے ۔

ہماری جدوجہد کی بدولت پشتونوں کی وحدت بننے جارہی ہے تو اس کی راہ میں ان لوگوں کی جانب سے رکاوٹ ڈالی جارہی ہے جو خود کو سب سے بڑے پشتون کہتے ہیں قبائلی عوام کی مرضی اور منشاء کے خلاف موقف رکھنے والے تمام سیاستدانوں سے پشتون ہوشیار رہیں ۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ پشتون دنیا کی پرامن ترین قوم ہے مگر افسوس کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملکی اور بین الاقوامی طو رپر پشتونوں کو دہشت گرد تنگ نظر جاہل اورمتعصب بنا کر پیش کرنے کی منظم سازش پر کام جاری ہے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے ہمیشہ ان سازشوں کا پردہ فاش کیا اوراپنے عمل سے ثابت کیا کہ پشتون پرامن اور عدم تشدد پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ۔

اس موقع پر آنے والے وفود نے اے این پی کے صوبائی صدر کو مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ پشتونوں کو ہمیشہ دیوار سے لگایا جاتا رہا ہے اب گزشتہ دو تین سالوں سے انہیں شناختی کارڈ کے نام پر تنگ کیا جارہا ہے اور نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ ان پر روزگار کے دروازے بند کئے جارہے ہیں تعلیمی اداروں میں پشتون نوجوانوں کو داخلے نہیں دیئے جاتے انہیں اپنے اضلاع سے نکلنے نہیں دیا جارہا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے وقت اور حالات کے مطابق ہر قسم کے مراعات اورلالچ سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ عوام نے بھی ہمیں مایوس نہیں کیا ۔

ہمارے لئے اقتدار اور کرسی سے زیادہ اہمیت اپنے لوگوں کی ہے جنہوں نے ہم پر ہمیشہ اعتماد کیا اور ہمیں مایوس نہیں کیا27اکتوبر کو پشین میں منعقدہ جلسہ عام میں ہزاروں لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پشتونوں کی واحد نمائندہ جماعت اے این پی ہی ہے ۔

13نومبر کو خان جیلانی خان اچکزئی شہید کی7ویں برسی کی مناسبت سے چمن میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے جس میں پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ ملی مشر اسفندیار ولی خان بھی خصوصی شرکت کریں گے اورپشتون عوام سے خطاب کریں گے ۔

انہوں نے پارٹی وفود پر زور دیا کہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر تک پہنچاتے ہوئے 13نومبر کے جلسہ عام میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں ۔