|

وقتِ اشاعت :   November 6 – 2017

کراچی +کوئٹہ +اندرون بلوچستان (اسٹاف رپورٹر+نامہ نگاران )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح بلوچستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مظاہرے ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کوئٹہ ڈویژن اور کوئٹہ سٹی کے زیراہتمام اتوارکو پیپلز پارٹی بلوچستان کی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ،کوئٹہ ڈؤیژن کے صدر میر ولی محمد قلندرانی،کوئٹہ سٹی کے صدر ملک ذیشان ،اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر جعفرجارج کی قیادت میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پرریلی نکالی گئی ۔

جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیا ر کرگئی مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈا ٹھارکھے تھے جن پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیاگیاتھا۔

مظاہرین سے پیپلز پارٹی بلوچستان کی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ،کوئٹہ ڈؤیژن کے صدر میر ولی محمد قلندرانی،کوئٹہ سٹی کے صدر ملک ذیشان ،اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر جعفرجارج اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں غریب دشمن ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے ،پیپلز پارٹی کچھی کے زیر اہتمام پٹرولیم منصوعات میں اضافے کیخلاف شہید خلیل احمد سمالانی پریس کلب مچھ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی ۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کچھی بولان کے ضلعی صدر وڈیرہ عبدالرشید ابڑو نصیر آباد ڈویثرن کے جنرل سیکرٹری آغا گل ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر وفا سمالانی ضلعی نائب صدر ملک داؤد سمالانی ودیگر مقررین نے کہا کہ حکومت کی غریب کش پالیسی قبول نہیں ہم اس کی مذمت کرتے ہیں حکومت عو ام پر معاشی اور مہنگائی کا بم گراکر انہیں مفلوج کررہی ہے موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ۔

عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں حکمرانوں کو غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی چےئرمین بلاول بھٹوزرداری کی کال پر پیڑولیم مصنوعات میں اضافہ کے خلاف ملک بھر کی طرح سبی میں پاکستان پیپلز پارٹی سبی کے صدر حاجی غلام رسول سیلاچی کی احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

ریلی میں بابل جان ، پی ایس ایف کے صوبائی رہنماافتخاربنگلزئی ، شاہ جہان چاچڑ، مہراج خالد رند، کامریڈ عبدالستار گچکی ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے نامزدڈویژنل صدر عبید اللہ خجک ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ریحان خان بگٹی،فدا حسین سموں ،حاجی خان رئیسانی سمیت سینکڑوں نے تعداد میں پیپلز پارٹی پیپلز اسٹوڈنٹس پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے کارکناں ممبران نے شرکت کی ۔


شرکاء نے مہنگائی کے خلاف پلے کارڈز بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف نعرے درج تھے احتجاجی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سبی پریس کلب کے سامنے جلسہ عام کی صورت اختیار کرگئی،ضلع ہرنائی میں پیپلز پارٹی ضلع ہرنائی کے زیراہتمام پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

مظاہرہ سے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد یاسین ترین ، جنرل سیکرٹری ملک شین گل ترین ، سنیئر نائب صدر سلیم آقا، انفارمیشن سیکرٹری شازیب بھٹو ،تحصیل صدر عبدالعزیز عرف باہو ، محمد آمین میانی پیپلز یوتھ کے خدائے داد ترین ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے حکومت عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ایسے اقدام سے مہنگائی بڑھے گی ۔

پیٹرو ل کی قیمتو ں میں اضا فے اور مہنگا ئی کیخلا ف ڈیرہ اللہ یار میں پا کستا ن پیپلز پا ر ٹی کے زیر اہتمام احتجا جی ریلی نکا لی گئی اور پر یس کلب کے سا منے مظا ہرہ کیاگیا ریلی میں شر یک کا ر کنو ں نے ہا تھو ں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگا ئی کیخلاف نعرے در ج تھے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی نصیرآباد کے ضلعی صدر میر نوبت خا ن جکھرانی کی قیادت میں احتجاجی ریلی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ اور دھرنا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی کال پہ پی پی پی نصیرآباد کے ضلعی صدر میر نوبت خان جکھرانی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک کے 100سے زائد اضلاع کے ہیڈکواٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیئے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر پارٹی کے مرکزی اطلاعات سیکریٹری چودہری منظور نے ایک روز قبل ملک بھر میں بروز اتوار احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔ پی پی پی کارکنان نے بینرز و پلے کارڈز اٹھاکر، جن پر تیل کے نرخ بڑھانے پر نون لیگی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے، تقریبا ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کے پریس کلبز کے سامنے مظاہرے کیئے۔

واضح رہے کہ نون لیگی حکومت نے خصوصا نواز شریف کی نااہلیت کے بعد تیل کی قیمتوں کو پر لگا دیئے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے آگے احتجاج میں شریک ایک پی پی پی کارکن نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ نون لیگی حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں ہنگامے ہوں اور عوام کو سزا دیئے جا رہی ہے۔

احتجاجی مظاہرے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی، کوئٹہ، ملتان، مظفر آباد، اسکردو، فاٹا، حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، نوابشاہ، سکھر، جیکب آباد، خیرپور، کشمور، فیصل آباد، گجرانوالہ، سرگودہا، گجرات، ڈیرہ غازی خان، بھاولپور، ٹانک، اپر دیر، مردان، کوہاٹ، مانسہرہ، بنو، چترال، ڈیرہ اسماعیل خان، گوادر، لورا لئی، تربت، زیارت، خضدار، قلات، لسبیلا، پنجگور، سبی، نصیرآباد، تھرپارکر سمیت مختلف شہروں میں کیئے گئے۔

احتجاجی مظاہروں کو خطاب کرتے ہوئے پی پی پی رہنماوں نے انہیں متحرک کرنے پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے فیصلے کی باعث ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی جیالے سرگرم ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بروز بدھ اپنے بیان میں حکومت کی جانب سے تیل کے نرخ بڑھانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کو انتقام کا نشانہ بنانے کے مترادف قرار دیا تھا۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر پاکستانی کے گھر پر پیٹرول بم پھینکا ہے، جس سے ہر شہری بہت بری طرح متاثر ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا تھا کہ نون لیگی حکومت معیشت کو جوا خانے کی طرح چلا رہی ہے، عوام کو نچوڑا جا رہا ہے اور روزمرہ کے استعمال کی اشیا کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، لیکن حکمران سب ٹھیک ہے کی بانسری بجانے میں مصروف ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے متنبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ پئٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں ورنہ عوامی احتجاج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں نے عوام کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اب وہ اٹھ کھڑے ہوں۔ پارٹی چیئرمین کی ہدایات کے تحت پیپلز پارٹی نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں آج بروز اتوار احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تھی۔