کوئٹہ: بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے بیان میں صحافت سے وابستہ افراد کو موجودہ حالات میں در پیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اندرون صوبہ متعدد پریس کلبز کو تالے لگ چکے ہیں اور صحافی برادری نہایت مشکل صورتحال کا سامنا کر رہی ہے ۔
ان حالات میں فرائض کی انجام دہی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے سرکار اور سماج دونوں کی جانب سے صحافی برادری کے مسائل اور مشکلات کو اْس طرح نہیں دیکھا جا رہا جس طرح دیکھا جانا چاہئے یہی وجہ ہے کہ صحافی برادری ہر وقت دباؤ کا شکار رہتی ہے جس کی وجہ سے اْنہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کے سیکورٹی کے مطالبات کرتے کرتے ہم تھک چکے ہیں مگر اس پر کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی اور نہی ہی کوئی مفاہمانہ پالیسی نظر آتی ہے ایسے میں صحافی برادری کیلئے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانا جوئے شیر لانے کے مترادف بن گیا ہے تا ہم بی یو جے سمجھتی ہے کہ طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے دھمکیاں دینے کی بجائے اگر گفت و شنید کا راستہ اپنایا جائے کافی سارے مسائل کے حل کیلئے راستے کھل سکتے ہیں۔