کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک ،نصیرآباد اور قلات میں ٹریفک حادثے میں چارافراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق واشک کے علاقے بسیمہ میں پتک کے مقام پر بسیمہ سے پنجگور جاتے ہوئے پک اپ گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں ڈرائیور نور احمد ولد شنبے اورعباس علی ولد عبدالحمید حاجیزئی سکنہ حسین زئی بسیمہ موقع جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ساتھی رحمت علی ولد علی دوست زخمی ہوگیا۔
ادھر نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ منجھو شوری کی حدود بالان شاخ میں دھند کے باعث دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں محمد اکبر جاں بحق جبکہ ذوالفقار علی شدید زخمی ہو گیا جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد لاڑکانہ منتقل کردیاگیا۔
دریں اثناء اتوار اور پیر کی درمیانی رات کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ قلات میں قومی شاہراہ پر کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں کو چ کا ڈرائیور عبدا ستار ولد غلام قادر عیسیٰ زئی موقع پر جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ۔
زخمیوں میں عبدالباسط ولد مولوی محمد رمضان ،محمد عظیم ولد محمد رمضان ،عبدالغنی ولد غلام قادر،نصیر احمد ولد نور بخش اور عبدالوحید ولد محمد خیر شامل ہیں ۔زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال قلات پہنچا دیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ۔